ممبئی (نیوز پلس/مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ منشیات تحقیقات میں بھارتی فلم انڈسٹری کی صف اول اداکارہ دپیکا پڈوکون کو بھی اس ہفتے تفتیش کے لیے طلب کیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سشانت سنگھ راجپوت خودکشی سے متعلق منشیات کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) رواں ہفتے بالی ووڈ کی صف اول اداکارہ دپیکا پڈوکون کو تفتیش کے لیے طلب کرے گی جبکہ دپیکا پڈوکون کے ساتھ سارہ علی خان اور شردھا کپور کو بھی طلب کیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی تحقیقات کے دوران منشیات میں ملوث مزید دو افراد کے نام بھی سامنے آئے تھے جن کے نام کے صرف حرفِ اول کو ظاہر کیا گیا تھا۔ اِن دو ناموں میں ایک نام ’ڈی‘ اور دوسرانام ’K‘ سے شروع ہو رہا تھا۔
نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ منشیات کے استعمال میں ملوث پہلا نام بالی ووڈ کی صفِ اول اداکارہ دپیکا پڈوکون کا ہے جبکہ دوسرا نام’ کریشمہ پرکاش‘ کا ہے جو کہ دپیکا پڈوکون کی مینیجر ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دپیکا پڈوکون کی مینیجر کریشمہ سے کل ایجنسی کے ذریعے پوچھ گچھ کی جائے گی۔