بلوچستان: دکی میں کوئلہ کانوں پر مسلح دہشتگردوں کا حملہ، 20 کان کن جاں بحق ، 7 زخمی
کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے دکی میں مقامی کانوں پر مسلح دہشتگردوں کے حملے میں 20 کان کن جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق راکٹ حملے میں 7 کان کن زخمی بھی ہوئے ہیں، کان مالک حاجی خیر اللّٰہ کا بتانا ہے کہ حملہ آوروں نے 10 کانوں کی مشینری بھی نذر آتش کر دی گئی۔
بلوچستان کے علاقہ دکی کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق حملے کے نتیجے میں 20 مزدور جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوئے، حملہ آوروں نے 10 کوئلہ کانوں کے انجن بھی آگ لگا کر نذر آتش کر دیئے۔
ڈسٹرکٹ چیئرمین دکی حاجی خیر اللہ ناصر نے کہا کہ حملے میں ہینڈ گرنیڈ اور راکٹ لانچر سمیت دیگر بڑے ہتھیار استعمال کئے گئے۔
میڈیکل افسر دکی اسپتال ڈاکٹر جوہر سدوزئی کا کہنا ہے کہ جاں بحق کان کنوں کا تعلق قلعہ سیف اللّٰہ، پشین، ژوب اور مسلم باغ سے ہے، 3 کان کنوں کا تعلق افغانستان سے بھی ہے۔
7 زخمی کان کنوں کو دکی کے مقامی اسپتال لورالائی منتقل کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ لورالائی، کچلاک، موسی خیل سے تعلق رکھنے والے کان کن بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی مذمت
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دکی میں بے گناہ مزدوروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے شدید اظہار برہمی کیا اور دہشت گردوں کے خلاف فوری و مؤثر کارروائی کا حکم دیا ہے۔
سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ مذکورہ علاقے کو سیل کر کے دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے، دہشت گردوں نے ایک بار پھر غریب مزدوروں کو نشانہ بنا کر ظلم کی انتہا کر دی، دہشت گردوں کا ایجنڈا پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غریب مزدروں کو سافٹ ٹارگٹ سمجھ کر نشانہ بنایا جاتا ہے دہشت گرد بزدل ہیں دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے حکومت ایک ایک بے گناہ کے قتل کا حساب لے گی بے گناہوں کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا دہشت گردوں کے ان بے گناہوں کا ناحق قتل لے ڈوبے گا۔
وزیراعظم کی ضلع دکی کے علاقے میں کان کنوں پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع دکی کے علاقے میں کان کنوں پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقع کی رپورٹ طلب کرلی۔
جمعہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے واقعہ میں قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ اور رنج کا اظہار کیاہے۔وزیراعظم نے جاں بحق کان کنوں کے بلندی درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سیتعزیت کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے واقعہ میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعااور انہیں ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے پر عزم ہیں۔
دکی میں کان کنوں پر مسلح افراد کے حملے کی صدر مملکت، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت دیگر رہنماں کی مذمت
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز،نواز شریف، بلاول بھٹو زرداری، مولانا فضل الرحمان،حافظ نعیم الرحمان دیگر رہنما?ں کا واقعے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ اوررنج، اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے ضلع دکی میں کان کنوں پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی،
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی دکی میں کان کنوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے زخمی کان کنوں کی جلد صحت یابی کی دعائیں بھی کیں۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے بھی بلوچستان کے علاقے دکی میں مسلح افراد کے ہاتھوں کان کنوں کے قتل کی مذمت کی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ غریب محنت کشوں کو قتل کرنا بزدلانہ فعل ہے۔مجرموں کو قانون کی گرفت میں لائیں گے۔ میری ہمدردیاں شہید مزدوروں کے مظلوم خاندانوں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کا مقابلہ کریں گے۔ دشمنوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا کر دم لیں گے۔
قائم مقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے دکی بلوچستان میں کان کنوں پر حملے کی پرزور مذمت کی ہے۔ ایوان صدر کے پریس وِنگ سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق قائم مقام صدر نے واقعہ میں بے گناہ کان کنوں کے مارے جانے پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں پر بہیمانہ حملہ کرنے والوں نے ظلم و بربریت کی انتہا کر دی ، قائم مقام صدر نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی حملے کی مذمت
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے دکی میں کول مائنز میں کان کنوں پر مسلح افراد کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی، اس واقعہ میں 20 مزدور جاں بحق ہوئے۔
جمعہ کو اپنے بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نیزخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ حکومت جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
تمام تر ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں اور دکھ کی گھڑی میں لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ المناک واقعہ میں ملوث شرپسند عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔ بے گناہ مزدوروں کو قتل کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔