بلوچستان: ایف سی ہیڈ کوارٹر کوئٹہ پر خود کش حملہ،6 دہشت گرد ہلاک، حملے میں 10 شہری شہید، 30 سے زائد زخمی
حملہ آور ایف سی کی وردی میں ملبوس تھے، وزیرداخلہ کا جوانوں کو خراج تحسین
کوئٹہ ایف سی ہیڈ کوارٹر پر خود کش حملے میں 10 شہری شہید اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے جبکہ خود کش ببمار سمیت 6 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں خوجک روڈ پر ایف سی ہیڈکوارٹر کے مرکزی دروازے پر خودکش دھماکا ہوا جس کی شدت سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔
حملے میں 10 شہری شہید ہو گئے جب کہ 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جن میں 2 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 4 خواتین بھی شامل ہیں۔
سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ دھماکے کے فوراً بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
علاوہ ازیں سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ کوئٹہ میں پشین اسٹاپ پر بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان نےگاڑی سے خودکش حملہ کیا جس میں حملہ آور سمیت 5 دہشتگرد جہنم واصل ہوگئے ۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پہلے ایک سوزوکی آکر ٹکرائی اور دھماکا ہوا جس کے بعد 4 مسلح افراد نے ایف سی ہیڈ کوارٹر میں گھسنے کی کوشش کی تاہم فورسز نے فوری رسپانس دیتے ہوئے دہشتگردوں کو ہلا ک کردیا اور کوئی دہشتگرد عمارت کے اندر داخل ہونے میں کامیاب نہیں ہوا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آور ایف سی کی وردی میں ملبوس تھے جو سب مارے گئے ہیں جب کہ حملے میں 2 ایف سی جوان زخمی ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ بھارت کے ایجنڈے پر کام کرنے والے شرپسند عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بناتے رہیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر ردعمل دیا، فورسز نے تمام دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔
واقعے کے بعد کوئٹہ شہر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کر دیے گئے ہیں۔ ایف سی اور پولیس نے علاقے کی ناکا بندی کر دی ہے جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
سکیورٹی حکام کے مطابق حملہ آوروں کی شناخت اور ان کے محرکات کی تحقیقات جاری ہیں اور ممکنہ طور پر یہ حملہ مقامی دہشت گرد گروہوں سے منسلک ہے۔
