اسلام آباد(نیوز پلس)برطانوی شاہی جوڑا پاکستان سے حسین یادیں محبتیں اور خوشیاں سمیٹ کراپنے وطن واپس چلا گیا،شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کو پاکستانی اعلیٰ حکام نے رخصت کیا، شاہی مہمانوں کا آج پھر ایس او ایس ولیج کا دورہ کیا اور بچوں سے گپ شپ کی۔برطانوی شاہی مہمانوں نے پاکستان کے دل لاہور میں ایک بار پھر ایس او ایس ولیج کا دورہ کیا اور بچوں کے ساتھ خوب گپ شپ کی۔ جمعرات کی شب اسلام آباد میں خراب موسم کے باعث شاہی جوڑے کے طیارے کو واپس لاہور لینڈ کرنا پڑا تھا۔شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن زندہ دلان لاہور کے دل جیت کر اسلام آباد چلے گئے جہاں برطانوی شاہی جوڑے نے آرمی کے نائن سینٹر کا دورہ کیا۔ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ نے اپنے دورہ کے دوران چترال کی حسین وادیوں کا بھی نظارہ کیا تھا۔اسلام آباد میں پاکستان مانومنٹ میں ہونے والی تقریب کو چار چاند لگائے۔ برطانوی مہمانوں نے صدر عارف علوی اور وزیراعظم سے ملاقات بھی کی۔شہزادی کیٹ مڈلٹن دورے کے دوران پاکستانی ثقافت کے رنگوں میں رنگی نظر آئیں، ان کے مشرقی انداز کی دنیا بھر میں خوب دھوم رہی۔بادشاہی مسجد آمد پر برطانوی شاہی جوڑے کا خطیب مولانا عبدالخیر آزاد نے استقبال کیا اور مختلف حصے دکھائے گئے۔ برطانوی شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی شوکت خانم اسپتال میں کینسر کے مریض بچوں سے ملاقات ہوئی۔ دونوں بچوں میں گھل مل گئے۔برطانوی شاہی جوڑا اپنے 5 روزہ دورے کے چوتھے روز لاہور پہنچا تھا، گورنر چودھری سرور اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مدلٹن کا لاہور آمد پر استقبال کیا۔، شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کو گلدستہ پیش کیا گیا۔گورنر پنجاب اور وزیر اعلیٰ نے مہمانوں کو سوینیر اور تحائف پیش کیے، شہزادہ ولیم کو زیتون کی لکڑی سے بنی چھڑی اور پینٹنگ، کیٹ مڈلٹن کو شال اور دیگر تحائف پیش کیے گئے۔گورنر اور وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے بعد پرنس ولیم اور کیٹ مڈلٹن ایس او ایس ویلیج پہنچے،بچوں میں گھل مل گئے اور کیک کاٹا۔شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن نیشنل کرکٹ اکیڈمی پہنچے تو چیئرمین پی سی بی اور دیگر حکام نے استقبال کیا، شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ نے کرکٹ بھی کھیلی۔مہمانوں کی ضیافت کیلئے لذیذ پکوان بھی تیار کیے گئے،شاہی مہمان پاکستانیوں کی میزبانی سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔ شہزادہ ولیم اور کیٹ لاہور کے مختلف مقامات کی سیر کی۔