اسلام آباد(نیوز پلس) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے صوبہ بلوچستان اور آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں شدید برف باری اور بارشوں کے نتیجے میں متعدد افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کی۔ چیئرمین سینیٹ نے متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں کو ہدایت کی کہ باہمی تعاون کو فروغ دے کر ان علاقوں میں متاثرین کو ریلیف پہنچانے کیلئے بھر پور اقدام اٹھائے جائیں۔ این ڈی ایم اے سمیت دیگر ادارے بھی متاثرہ علاقوں میں عوام کے جانی و مالی نقصان کا تخمینہ لگائیں۔انہوں نے کہا کہ برف اور بارش کے متاثر علاقوں تک رسائی کو یقینی بنایا جائے اور حالیہ برف باری اور بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے موثر طور پر نمٹنے کیلئے تمام متعلقہ ادارے اور ضلعی انتظامیہ عملی طور پر اقدامات کریں۔ بند شاہراؤں اور رابطہ سٹرکوں کو کھولنے کیلئے اقدام اٹھائے جائیں۔محمدصادق سنجرانی نے کہا کہ ایوان بالاء متاثرین کی بحالی و امداد کیلئے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔