راولپنڈی (نیوز پلس)بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کے مطابق بھارتی فوج نے آج بھی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے 3 سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی ہے، جس میں پاک فوج کا ایک جوان اور 3 شہری شہید ہوئے ہیں تاہم بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں 9 بھارتی فوجی ہلاک جبکہ کئی زخمی ہو گئے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے جورا، شاہ کوٹ اور نوسیہری سیکٹرز میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کیں اور جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ پاک فوج کی موثر جوابی کارروائی سے 9 بھارتی فوجی ہلاک جبکہ کئی زخمی ہو گئے، پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کے 2 بنکرز بھی تباہ ہوئے۔میجر جنرل آصف غفور نے بتایا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان اور 3 شہری شہید ہوئے جبکہ پاک فوج کے 2 جوان اور 5 شہری زخمی ہو گئے، زخمی شہریوں کو علاج کے لیے ضلع کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فرضی کیمپوں کو نشانہ بنانے کے جھوٹے دعووں کوسچ بتانے کے لیے بھارتی فوج معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حقائق جاننے کے لیے اقوام متحدہ کے مشن، مقامی اور عالمی میڈیا کو آزاد جموں کشمیر میں مکمل آزادی حاصل ہے، ایسی آزادی جو بھارت کے زیرِ قبضہ کشمیر میں نہیں ہے۔میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارت کو سیز فائر خلاف ورزیوں کا ہمیشہ منہ توڑ جواب ملے گا، پاک فوج ایل او سی پر معصوم شہریوں کی حفاظت جاری رکھے گی اور خلاف ورزی پر بھارتی فوج کو ناقابلِ برداشت نقصان پہنچائے گی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ بھارتی فوج اپنے فوجیوں کی لاشیں اٹھانے اور زخمیوں کو لے جانے کی کوشش کر رہی ہے، جس کے لیے بھارتی فوج نے سفید جھنڈا لہرا دیا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارتی فوج کو بلا اشتعال سیز فائر خلاف ورزیوں سے پہلے سوچنا چاہیے، بھارتی فوج کو عسکری آداب کا احترام کرتے ہوئے شہری آبادیوں کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔