ایران کی پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان ثالثی کی پیشکش
ایران نے پاکستان اور افغان طالبان کے مابین کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے ثالثی کی پیشکش کر دی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ایرانی وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی نے اپنے پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار اور افغان وزیرِ خارجہ امیر خان متقی سے الگ الگ ٹیلی فونک گفتگو کی۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان اور افغانستان کے درمیان مصالحتی عمل میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی وزیرِ خارجہ نے باہمی تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ عباس عراقچی نے پاکستان اور افغان طالبان کے تاریخی و دوستانہ تعلقات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے فریقین پر زور دیا کہ وہ بات چیت کا سلسلہ برقرار رکھیں۔
ایرانی وزیرِ خارجہ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں اور ایران اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے افغانستان سے متعلق حالیہ مذاکرات اور خطے کی صورتحال پر ایران کو اعتماد میں لیا۔ فریقین نے رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
