ایرانی شہر سراوان میں 9 پاکستانی مزدوروں کا ہولناک قتل، پاکستان کی شدید مذمت
پاکستانی سرحد سے ملحقہ ایران کے علاقے سراوان میں 9 پاکستانی مزدروں کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قتل ہونے والے 5 افراد کا تعلق پاکستان کے شہر علی پور اور اس کے گرد و نواح سے ہے، مقتول پاکستانی ایران میں مزدوری کرتے تھے جنہیں گھر میں داخل ہو کر قتل کر دیا گیا۔
ایران کے علاقے سراوان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 9 پاکستانی جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے،جاں بحق ہونے والے دو پاکستانیوں کا تعلق لودھراں سے تھا، واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد اہلخانہ غم سے نڈھال ہیں۔
اہلخانہ کا کہنا ہے کہ لودھراں کے رہائشی زبیر اور اس کا بھانجا ابوبکر مزدوری کیلئے ایران گئے تھے، جاں بحق ہونے والے ایران میں گاڑیوں کی ڈینٹنگ پینٹنگ کا کام کرتے تھے۔
ایران میں تعینات پاکستانی سفیر مزثر ٹیپو نے 9 پاکستانیوں کے ہولناک قتل پر گہرے صدمے اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زاہدان میں پاکستانی قونصلر جنرل کے حکام جائے حادثہ اور ہسپتال کے لیے روانہ ہوچکے ہیں، ہم نے ایران سے اس معاملے میں مکمل تعاون فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا کے مطابق واقعے کی ذمہ داری کسی عسکریت پسند گروپ نے قبول نہیں کی، آج صبح نامعلوم افراد نے سرکن کے نواحی علاقے سراوان میں گھر میں گھس کر فائرنگ کی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق فائرنگ سے تین افراد زخمی بھی ہوئے، شہید ہونے والے پاکستانی ایران میں ورکشاپ میں مزدور تھے۔