اسلام آباد(نیوز پلس) الیکشن کمیشن نے مریم نواز کو پارٹی کے نائب صدرارت سے ہٹائے جانے سے متعلق درخواست کو مسترد کردیا،
آج چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے گذشتہ روز محفوظ کیا جانے والا فیصلہ سنایا اور پی ٹی آئی ارکان کی درخواست مسترد کی۔
چیف الیکشن کمشنر نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ نائب صدر کا عہدہ غیر فعال اور اختیارات کے بغیر ہے، اگر پارٹی صدر کا عہدہ خالی ہو تو مریم نواز نااہلی کے خاتمے تک یہ عہدہ نہیں سنبھال سکتیں لہٰذا انہیں پارٹی کی نائب صدارت سے نہیں ہٹایا جاسکتا ہے۔الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں واضح کیا ہے کہ مریم نواز پارٹی کی صدارت یا کسی اور بااختیار عہدے کیلئے تب ہی اہل ہوسکیں گی جب احتساب عدالت کا ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ برقرار نہیں رہتا۔یادرہے مریم نواز کے خلاف درخواست میں تحریک انصاف کی جانب سے دائر کی گئی تھی،درخواست موقف اختیار کیا کہ مریم نواز سزا یافتہ ہونے کی وجہ سے پارٹی عہدہ رکھنے کی اہل نہیں ہیں اس لئے انہیں نائب صدرکے عہدے سے ہٹایا جائے، درخواست گزار کے مطابق مریم نواز احتساب عدالت سے سزا یافتہ ہیں وہ پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتی۔درخواست میں مریم نواز کی بطور نائب صدر تقرری کے (ن) لیگی فیصلے کو آئین و قانون سے متصادم قرار دیا گیا تھا۔مریم نواز کے پارٹی عہدے کے خلاف درخواست دائر کرانے والوں میں تحریک انصاف کی بیرسٹر ملیکہ بخاری، میاں فرخ حبیب، جویریہ ظفر اور کنول شوذب شامل تھیں۔