اسلام آباد(نیوز پلس) ترجمان الیکشن کمیشن الطاف احمد کا آڈٹ رپورٹ اور انتخابی سامان کی ضرورت سے زیادہ خریداری پر وضاحتی بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ بعض اخبارات اور سوشل میڈیا پر بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔ ہر قسم کا انتخابی سامان تمام متعلقہ قوانین اور مروجہ طریقہ کار کے عین مطابق کیا گیا۔ آڈٹ میں بیلٹ باکس اور ووٹنگ اسکرین کی ضرورت سے زائد خریداری کے حوالے سے نشاندہی کی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ تمام پولنگ اسٹیشنز اور پولنگ بوتھوں کی تفصیلات اور متعلقہ ریکارڈ آڈٹ کو فراہم کیا گیا۔ عام آئٹمز کی خریداری سے متعلق بھی محکمہ آڈٹ کو ریکارڈ مہیا کیا گیا۔ محکمہ آڈٹ کی ڈپارٹمنٹل اکاؤنٹس کمیٹی (ڈی اے سی) سے باقاعدہ اپنی سفارشات میں یہ پیراز نمٹا دیئے گئے۔انہوں نے مزید کہنا تھا کہ بعض عناصر آڈٹ کی ابتدائی اور پرانی رپورٹ کو بنیاد بنا کر ایک آئینی ادارے کو بے توقیر کر رہے ہیں۔ تمام ایسے عناصر اس طرح کی بے بنیاد مہم جوئی کو فوری طور پر بند کریں، ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ ہے۔