اسلام آباد(نیوز پلس) چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے دو نئے اراکین سے حلف لینے سے انکار کے بعد حکومتی ردعمل سامنے آگیا ہے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہاکہ الیکشن کمیشن میں سندھ اور بلوچستان سے دو نئے اراکین کی تقرری آئین میں درج طریقہ کار کے تحت کی گئی، دونوں اراکین دیانتدار اور قانون کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔واضح رہے کہ گذشتہ روز الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کا معاملہ اس وقت گھمبیر صورتحال اختیار کرگیا کہ جب چیف الیکشن کمشنر نے نئے ممبران سے حلف لینے سے انکار کر دیا تھا۔معاملے پر چیف الیکشن کمشنر کا موقف تھا کہ نئے ممبران کی تقرری آئین کی خلاف ورزی ہے، ممبران کی تقرری آئین کے آرٹیکل 213 اور 214 کے مطابق نہیں ہوئی،الیکشن کمیشن نے باضابطہ طور پر وزارت پارلیمانی امور کو آگاہ کر دیا ہے۔