افغانستان کیلئے خصوصی نمائندہ محمد صادق کا21سے 23مارچ تک کابل کا دورہ،امیرخان مقتی سے ملاقات
ملاقات کے دوران فریقین کا باہمی دلچسپی کے تمام امور بشمول امن و سلامتی، تجارتی اور اقتصادی تعاون کے علاوہ عوامی رابطوں پر تبادلہ خیال، دفتر خارجہ
اسلام آباد: نائب وزیراعظم کی ہدایت پر افغانستان کیلئے نمائندہ خصوصی محمد صادق نے21سے 23مارچ تک کابل کا دورہ کیا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نمائندہ خصوصی نے 22مارچ کو افغانستان کے قائمقام وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران فریقین نے باہمی دلچسپی کے تمام امور بشمول امن و سلامتی، تجارتی اور اقتصادی تعاون کے علاوہ عوامی رابطوں پر تبادلہ خیال کیا۔نمائندہ خصوصی نے افغانستان کے ساتھ مسلسل مصروفیات اور باہمی فائدہ مند تعلقات کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے تمام تشویش کے مسائل بالخصوص سکیورٹی سے نمٹنے کی اہمیت پر زور دیا۔ فریقین نے دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے اعلی سطحی روابط اور بات چیت کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں فریقوں نے دیرپا علاقائی امن اور استحکام کے حصول کے لئے باہمی طور پر فائدہ مند دو طرفہ تعلقات کے عزم کو بھی تقویت دی۔
بیان کے مطابق نمائندہ خصوصی نے افغانستان کے قائم مقام وزیر تجارت نورالدین عزیزی سے بھی ملاقات کی۔ فریقین نے دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے ساتھ ساتھ راہداری اور رابطوں کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ نمائندہ خصوصی محمد صادق نے افغانستان کے ساتھ باہمی فائدہ مند تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لئے علاقائی تجارت اور رابطوں کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔
افغانستان سے واپسی پر خصوصی نمائندے نے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کو افغان قیادت کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کے بارے میں آگاہ کیا۔نائب وزیر اعظم نے افغانستان کے ساتھ ہونے والی بات چیت پر اطمینان کا اظہار کیا اور دوطرفہ تعلقات بشمول اعلیٰ سطح کی مصروفیات اور تجارت اور ٹرانزٹ تعاون میں اضافہ کو مزید مستحکم کرنے کیلئے ہدایات جاری کیں۔