اسلام آباد (نیوزپلس) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے وفاقی دارالحکومت میں پولیس پر حالیہ ہونے والے حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کچھ عرصے سے اسلام آباد میں میں دہشت گردی کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔سماجی رابطے کی سائیٹ ٹوئیٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ شہر میں پولیس پر حملوں پر تشویش ہے، رات کو بھی ایک ہیڈ کانسٹیبل اور کانسٹیبل شہید ہوئے ہیں، ہمارے دور میں پولیس شہداء کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کو سیف سٹی بنانے کے لیے 150 موٹرسائیکل ایگل اسکواڈ اسی ہفتے بنائے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ آج میں 2 روزہ دورے پر شمالی اور جنوبی وزیرستان بارڈر مینجمنٹ دیکھنے جا رہا ہوں، افغانستان کی طرف اوپن بارڈرز پر فینسنگ لگا رہے ہیں جو دومہینوں میں مکمل ہوجائے گی جب کہ سال کے آخر تک افغانستان اور ایران بارڈرزپر فینسنگ مکمل ہو جائے گی۔شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان حکومت کی خواہش ہے کہ تمام باڈرز پر ایک ایسا سسٹم لایا جائے جس میں داخلے کی الیکٹرونک انٹری اور ایگزٹ ہو۔