اداکاری کی نسبت گلوکاری مشکل فن،اپنی آواز کا خصوصی خیال رکھنا پڑتا ہے‘ گلوکارہ شاہدہ منی
بھارت کی نسبت پاکستان میں بڑے گلوکار پیدا ہوئے جنہوں نے اپنے فن کے ذریعے دنیا بھر میں پہچان بنائی
پرائیڈ آف پرفارمنس گلوکارہ و اداکارہ شاہدہ منی نے اداکاری کی نسبت گلوکاری کو مشکل فن قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ موسیقی میں اپنی آواز کا خصوصی خیال رکھنا پڑتا ہے اور ان تمام چیزوں سے پرہیز کرنا پڑتا ہے جس سے آواز پر اثرپڑتا ہو۔
ایک انٹر ویو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موسیقی میں مشاہدہ نہیں بلکہ ریاضت سب سے زیاد ہ ضروری ہے۔ میں نے بے شمار فلموں میں ہیروئن کے رول ادا کئے،اداکاری بھی مشکل فن ہے مگر گلوکاری اس سے زیادہ مشکل آرٹ ہے۔
پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ بھارت کی نسبت پاکستان میں بڑے گلوکار پیدا ہوئے جنہوں نے اپنے فن کے ذریعے دنیا بھر میں اپنی اور پاکستان کی پہچان بنائی ان میں سرفہرست ملکہ ترنم نور جہاں، مہندی حسن، استاد نصرت فتح علی خاں،ریشماں سمیت دیگر گلوکار شامل ہیں۔
ان بڑے گلوکاروں نے دنیا بھر میں اپنے فن کا لوہا منوایا اور میں بھی اپنے سے سینئر کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے دنیا بھر میں پرفارم کرچکی ہوں اور جہاں خدا کی ذات نے مجھے بھرپور عزت سے نوازا ہے۔