اسلام آ باد (نیوز پلس)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اداروں کے درمیان ٹکراؤ کی خواہش رکھنے والوں کو آج شکست ہوئی ہے۔ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے وزیراعظم کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کو سپریم کورٹ نے منظور کرلیا اور جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدتِ ملازمت میں 6 ماہ کی توسیع کی مشروط منظوری دے دی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آج ان لوگوں کو شدید مایوسی ہوئی جو اداروں کے ٹکراؤ سے ملک کے غیرمستحکم ہونے کے خواہشمند تھے، اس فیصلے سے بیرون مافیا کے ساتھ ساتھ اندرونی مافیا کو بھی خصوصی مایوسی ہوئی جو قوم کا پیسہ لوٹ کر باہر لے گئے اور اپنی اس لوٹی ہوئی رقم کو محفوظ بنانے کے لیے ملک میں عدم استحکام کے خواہشمند ہیں۔ وزیر اعظم نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ ریکارڈ کے لیے بتادوں کہ 23 سال قبل ہم نے ہی پاکستان میں قانون کی حکمرانی اور آزاد عدلیہ کے لیے آواز بلند کی۔ عمران خان نے کہا کہ عدلیہ بحالی تحریک میں پاکستان تحریک انصاف صف اول رہی اور اس دوران مجھے گرفتار کرکے جیل میں بھی ڈالا گیا۔وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ایک اور ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ میں موجودہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی بہت عزت کرتا ہوں، یہ پاکستان کے پیداکرہ بہترین قانون دانوں میں سے ایک ہیں۔