لاہور (نیوز پلس) احتساب عدالت نے صدر پی ایم ایل (ن) شہباز شریف اور ان کے خاندان کے اثاثے منجمد کرانے کی درخواست پر نیب سے متعلقہ ریکارڈ طلب کرلیا۔ احتساب عدالت لاہور میں شہباز شریف، سلمان شہباز، حمزہ شہباز سمیت دیگر فیملی ممبران کی جائیدادیں منجمد کرنے کے لئے درخواست پر سماعت ہوئی،جہاں قومی احتساب بیورو(نیب) پراسیکیوٹر حافظ اسد اللہ اور نیب تفتیشی ایڈمن جج امیر محمد خان کے روبرو پیش ہوئے۔دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ جو جائیدادیں منجمد کیں وہ جائیدادیں کہاں ہیں اور کب انکے نقشے منظور ہوئے؟جس پر نیب تفتیشی نے عدالت کو بتایا کہ شریف خاندان کی ماڈل ٹاؤن کی دونوں رہائشگاہوں سمیت دیگر اثاثے منجمد کئے گئے ہیں اور اسکا مکمل ریکارڈ موجود ہے۔عدالت نے نیب سے متعلقہ ریکارڈ طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ آپ کل تمام متعلقہ ریکارڈ لے کر آجائیں پھر اس کو دیکھتے ہیں۔