آصف علی زرداری نے صدر پاکستان کا حلف اٹھا لیا
ایوانِ صدر میں منعقد ہونے والی تقریبِ حلف برداری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے آصف علی زرداری سے صدرِ مملکت کے عہدے کا حلف لیا۔
چیف جسٹس سپریم کورٹ قاضی فائز عیسیٰ نے حلف لیا،مسلح افواج کے سربراہان،سپیکر قومی اسمبلی،چیئرمین سینیٹ،نواز شریف،بلاول بھٹو،آصفہ،بختاور سمیت غیر ملکی سفراء نے بھی تقریب میں شرکت کی
دستاویز پر دستخط کے بعد آصف زرداری کاچیف جسٹس،وزیرا عظم شہبازشریف اور سبکدوش ہونے والے صدر عارف علوی سے مصافحہ،چینی اورایرانی سربراہان کی آصف زرداری کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے دوسری مرتبہ 14 ویں صدر پاکستان کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھا لیا،سپریم کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے آصف زرداری سے حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد کی گئی جس میں سبکدوش ہونے والے صدر عارف علوی اور ان کی اہلیہ،وزیر اعظم شہباز شریف نے شرکت کی اس کے علاوہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف سمیت چاروں مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔
حلف اٹھاتے ہی ایوان جئے بھٹواوربینظیرکے نعروں سے گونج اٹھا،سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق،اراکین قومی وصوبائی اسمبلیوں کے ممبران، چاروں صوبوں کے گورنرز اور وزرائے اعلیٰ بھی شریک ہوئے،
حلف برداری کی تقریب میں سابق وزیر اعظم نواز شریف،بلاول بھٹو زرداری،آصفہ بھٹو،بختاور بھٹو،چیف جسٹس کی اہلیہ سرینا عیسیٰ کے علاوہ غیر ملکی سفیروں نے بھی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی،
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، چیف جسٹس آف پاکستان نے آصف زرداری سے انگریزی میں حلف لیا اور بعد ازاں دستاویز پر دستخط کے بعد آصف زرداری نے سٹیج پر موجود چیف جسٹس قاضی فائز عیسی،وزیرا عظم شہبازشریف اور سبکدوش ہونے والے صدر عارف علوی سے مصافحہ کیا۔
دریں اثنا ء چینی صدر شی جن پنگ نے آصف علی زرداری کو دوسری مرتبہ صدر پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں چینی صدر شی جن پنگ نے صدر پاکستان آصف زرداری کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین آہنی دوستی تاریخ کا انتخاب اور عوام کا قیمتی خزانہ ہے،دونوں ملک اچھے پڑوسی، اچھے دوست، اچھے شراکت دار اور اچھے بھائی ہیں، دونوں ملکوں نے سی پیک کی تعمیرمیں نتیجہ خیز نتائج حاصل کئے ہیں۔
چینی صدر نے کہا کہ پاکستان اور چین نے قریبی اعلی سطحی تبادلے کو برقرار رکھا ہے۔
قبل ازیں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے پاکستان کے نو منتخب صدر مملکت آصف علی زرداری کو صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کے دور صدارت میں دونوں ممالک کے درمیان اسلامی، تاریخی، ثقافتی تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔