کراچی(نیوز پلس) گورنرسندھ عمر ان اسماعیل نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے دھرنوں میں اب کوئی جان نہیں رہی،یہ اپنی آخری سانسیں لے رہا ہے۔،مولانا صاحب سے عوام خود تنگ ہیں۔ کراچی پریس کلب کی جانب سے منعقدہ ہیلتھ کیمپ کی تقریب سے خطاب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے نواز شریف کے ملک چھوڑ کر جانے پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو یہ کہتا تھا مجھے کیوں نکالا اب وہ کہتا ہے مجھے جلد نکالو۔انہوں نے آزادی مارچ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی(ف) کا دھرنا آخری سانسیں لے رہا ہے، جمعیت علمائے اسلام (ف) اور مولانا صاحب سے عوام خود تنگ ہیں۔ گورنر سندھ نے کراچی پریس کلب سے جڑی یادوں کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ پریس کلب ہمارے لئے درسگاہ کی حیثیت رکھتا ہے، ہم نے آپ لوگوں کے درمیان بیٹھ کر بولنا اور پریس ریلیز جاری کرنا سیکھا، پریس کلب میرا اپنا گھر ہے یہیں سے سیاست کا آغاز کیا ہے۔اس موقع پر صحافیوں نے اپنی مشکلات سے عمران اسماعیل سے آگاہ کیا جس پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ ہاکس بے میں جو پلاٹوں کا معاملہ ہے اس پر بھی جلد پیشرفت ہوگی اس کے علاوہ پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں صحافیوں کے خصوصی سہولت کے لئے بھی وزیر اعظم سے بات کروں گا۔