آرمی چیف سے ترک کمانڈر جنرل کی ملاقات، دفاعی تعلقات مضبوط بنانے کا عزم
آرمی چیف نے دونوں مسلح افواج کے مابین باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ترک بری افواج کے کمانڈر جنرل سیلجوک بیرکتار اوغلو نے ملاقات کی جس میں دفاعی تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق جی ایچ کیو میں ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، آرمی چیف نے دونوں مسلح افواج کے مابین باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں اطراف کی جانب سے تاریخی، ثقافتی اور مذہبی بنیاد پر مبنی گہرے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، ترک کمانڈر نے خطے میں امن واستحکام یقینی بنانے کیلئے پاک فوج کے کردار کو سراہا۔
جی ایچ کیو آمد پر ترک کمانڈر نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے ترک کمانڈر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔