اسلام آباد(نیوز پلس) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجو نے کہا ہے بھارت مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے کچھ بھی کر سکتا ہے لیکن ہم مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی مظالم چھپانے کے لیے ہمیں بھارت کو کوئی بھی موقع فراہم نہیں کریں گے چاہے کتنا بھی وقت اور کوششیں صرف ہو جائیں ہم ہر چیلنج کا انشاء اللہ برابری سے مقابلہ کرینگے۔ مسئلہ کشمیر کا ہر ممکن طور پر حل چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنٹرول لائن کے باغ سیکٹر کے دورہ کے موقع پر کیا اور عید باغ سیکٹر میں جوانوں کے ساتھ منائی۔ پاک فوج کی جانب سے کشمیر پر بھارتی تسلط کیخلاف اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے عید سادگی سے منائی گئی۔ آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ بھارت اپنے ناپاک عزائم کے حصول کیلئے کچھ بھی کر سکتا ہے۔ ہمسایہ ملک کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹا کر کنٹرول لائن اور پاکستان کی طرف کرنا چاہتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا دین ہمیں امن کا درس دیتا ہے، ہمارا مذہب قربانی اور سچ کے ساتھ کھڑے ہونے کا درس بھی دیتا ہے، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کیساتھ کھڑے ہیں۔جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کا ہمارا عزم اتنا ہی مضبوط ہے جتنی ہماری امن کی خواہش ہے، مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے حکومت نے مختلف کوششوں کا آغاز کر دیا۔