آج بھی کچھ سیاستدان پی این اے پارٹ 2 لانا چاہتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری
یہ سیاستدان سازش کرکے ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں،بلاول بھٹوزر داری نے تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق مفاہمت کی دعوت بھی دیدی
گڑھی خدا بخش: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج بھی کچھ ایسے سیاستدان ہیں جو پی این اے پارٹ 2 لانا چاہتے ہیں، یہ سیاستدان سازش کرکے ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔
سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زر داری نے تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق مفاہمت کی دعوت بھی دیدی۔بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ گالم گلوچ کی سیاست سے ملک کو نقصان ہوگا، سیاستدانوں کو چاہیے کہ مل کر عوام کو پریشانی سے نکالیں، جمہوریت کا نقصان ہوگا تو سب سے پہلے نقصان عوام کا ہوگا، سیاسی قوتوں سے اپیل کرتا ہوں ہوش کے ناخن لیں، تمام سیاسی جماعتوں کو قومی مفاہمت پر کام کرنا چاہیے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو قبر میں آرام کرتے ہوئے بھی حکومت بناتے ہیں اور گراتے ہیں، آج ہم 2 صوبائی حکومتیں سنبھال رہے ہیں، 2 جیالے وز یراعلیٰ منتخب ہوئے، جیالا چیئرمین سینیٹ منتخب ہوا ہے، دوسری بار آصف زرداری کو صدر منتخب کرایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے آئین بحال کیا، این ایف سی کے ذریعے صوبوں کو حق دیا، صدر زرداری نے بھٹو کے قتل پر عدالتی ریفرنس بھیجا، سپریم کورٹ سے ثابت ہوگیاکہ قائد عوام سے ناانصافی ہوئی اور فیئر ٹرائل نہیں ملا۔
انہوں نے کہاکہ بہت سی قوتیں جمہوریت پر یقین نہیں رکھتی تھیں، سازشیں پکاتے رہتے تھے، صدر زرداری نے سازشیں ناکام بنائیں۔
انہوں نے کہاکہ آج بھی کچھ سیاستدان ہیں جو پی این اے 2 لانا چاہتے ہیں، کچھ سیاستدان ذاتی اناکے لیے ملک اور عوام کی قسمت سے کھیلتے ہیں، اب وہ دھاندلی کا ڈھول بجا کرملکی معیشت اور ملک کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔