راولپنڈی (نیوز پلس)بھارت کی جانب سے ایل او سی پر فائر بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری۔تفصیلات کے مطابق لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے جبکہ پاکستان کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں 3 بھارتی فوجیوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹر پر ٹوئٹ میں بتایا کہ گزشتہ 36 گھنٹے سے ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔میجر جنرل آصف ٖغفور نے لکھا کہ حاجی پیر سیکٹر میں پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں ایک صوبیدار سمیت 3 بھارتی فوجیوں کو ہلاک کردیا جبکہ اس دوران کچھ بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ دیوا سیکٹر میں بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے نائب صوبیدار کانڈیرو اور سپاہی احسان شہید ہوگئے۔واضح رہے کہ 23 دسمبر کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایل او سی اور سی ایم ایچ کا مظفر آباد کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے بھارتی فورسز کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی تھی