Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

ژوب میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 40 افراد جاں بحق، 8 زخمی

ژوب میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 40 افراد جاں بحق، 8 زخمی

بلوچستان کے ضلع ژوب میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 40 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حادثہ ژوب کے علاقے دانہ سر میں پیش آیا، جہاں مسافر بس گہری کھائی میں جاگری۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بس کے بریک فیل ہونے کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا، جس کے نتیجے میں یہ المناک حادثہ رونما ہوا۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور شاہد رند نے بتایا کہ حادثے میں 40 افراد کے جاں بحق ہونے اور 8 کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ان کے مطابق حادثہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقے میں پیش آیا، جہاں دونوں صوبوں کی ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

شاہد رند نے کہا کہ پی ڈی ایم اے، محکمہ صحت، ایف سی، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں، جبکہ فوری تعاون پر خیبرپختونخوا حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بس میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے۔ ذرائع کے مطابق ایک خراب ہونے والی دوسری بس کے مسافروں کو بھی اسی گاڑی میں منتقل کیا گیا تھا، جس کے باعث بس پر غیر معمولی بوجھ تھا۔ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام حادثے کی وجوہات کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں۔

شاہد رند کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کی شناخت اور زخمیوں کے علاج کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہے۔ ان کے بقول تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حادثے کی تفصیلات عوام کے سامنے پیش کی جائیں گی۔

دریں اثنا، صدر مملکت آصف علی زرداری نے ژوب۔شیرانی شاہراہ پر پیش آنے والے بس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس اندوہناک سانحے پر پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More