ڈاکٹر فضیلہ 25 ارب منی لانڈرنگ کیس؛ حمزہ علی عباسی کا بڑا فیصلہ
بہن ایک کامیاب پروفیشنل ہیں اور بطور بھای بہن کے ساتھ کھڑا ہوں، حمزہ عباسی
معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے اپنی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے خلاف جاری تحقیقات کے سلسلے میں وضاحت دیتے ہوئے خود کو اس معاملے سے مکمل علیحدہ قرار دے دیا ہے۔
اپنے حالیہ بیان میں حمزہ علی عباسی نے کہا کہ میڈیا میں بلاوجہ ان کا نام اس کیس کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے، حالانکہ وہ نہ تو کسی قسم کی تحقیقات کا حصہ ہیں اور نہ ہی اس معاملے میں کسی حیثیت سے فریق ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی بہن ایک کامیاب پروفیشنل ہیں اور بطور بھائی وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں، لیکن ان کے قانونی اور پیشہ ورانہ معاملات سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔ اداکار نے میڈیا سے درخواست کی کہ آئندہ ان کا نام اس کیس کے ساتھ نہ جوڑا جائے، ورنہ وہ قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ عدالتی کارروائی کے باعث وہ مزید اس معاملے پر تبصرہ نہیں کریں گے، تاہم انہیں امید ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے اور حقیقت سامنے آئے گی۔
دوسری جانب، عدالت نے ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی درخواست مسترد کر دی، جس میں انہوں نے تحقیقات روکنے اور کیس ختم کرنے کی استدعا کی تھی۔ عدالت نے متعلقہ ادارے کو ہدایت دی ہے کہ وہ قانون کے مطابق تحقیقات جاری رکھیں۔
عدالت کی جانب سے جزوی ریلیف بھی دیا گیا، جس کے تحت اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت لگائے گئے الزامات ختم کر دیے گئے ہیں، اور اب تحقیقات صرف فارن ایکسچینج قوانین تک محدود رہیں گی۔
مزید پیش رفت میں عدالت نے ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کی درخواست بھی مسترد کر دی، جس کے بعد متعلقہ ادارے نے ان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
