Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

چوہدری شوگر ملز کیس:احتساب عدالت نے مریم نواز کو حاضری سے استثنیٰ دے دیا

لاہور کی احتساب عدالت میں چوہدری شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس کی سماعت جج امیر محمد خان نے کی

لاہور(نیوز پلس)لاہور کی احتساب عدالت نے چوہدری شوگر ملز کیس میں نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) مریم نوازکو ریفرنس دائر تک حاضری سے استثنی دے دیا۔ لاہور کی احتساب عدالت میں چوہدری شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس کی سماعت جج امیر محمد خان نے کی۔دوران سماعت عدالت نے قومی احتساب بیورو(نیب) کے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ ریفرنس کب فائل کیا جا رہا ہے؟ جس پر تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ ابھی تحقیقات چل رہی ہے، مکمل ہونے پر فائل کر دیں گے۔جبکہ دوسری جانب مریم نواز کے وکیل نے ریفرنس دائر ہونے تک مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔ایڈوکیٹ امجد پرویز نے کہا کہ نواز شریف لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر علاج کرانے بیرون ملک جا چکے ہیں، جس پر عدالت نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ میں نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی حد تک تھا۔امجد پرویز نے کہا کہ عدالت نے درست فرمایا ہے، عدالت کا حکم نامہ ساتھ لف ہے،میاں نواز شریف کو عدالت نے چار ہفتوں کے لیے بیرون ملک علاج کرانے کی اجازت دی، طبعیت بہتر نہ ہونے پر مزید مہلت مل سکتی ہے۔جج نے استفسار کیا کہ مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر پراسیکیوشن کیا کہتی ہے؟، نیب پراسیکیوٹر نے کہا عدالت موقع دے تو درخواست کو تفصیلی پڑھ کر جواب جمع کراؤں گا۔عدالت نے نیب ریفرنس فائل ہونے تک مریم نواز کو حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے حکم دیا کہ ریفرنس فائل ہونے کے بعد مریم نواز ٹرائل کا سامنا کریں گی۔بعد ازاں عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کی جواب جمع کرانے کیلئے مہلت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے نواز شریف کو بھی چار ہفتوں کیلئے حاضری سے استثنی دے دیا، جبکہ یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں بارہ روز کی توسیع کردی۔کیس کی مزید سماعت چھ دسمبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More