Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے مضبوط امیدوار مصباح الحق آج کسی بھی وقت باضابطہ درخواست دیں گے

ہیڈ کوچ بننے کے بعد مصباح الحق اپنے کوچز کی ٹیم تیار کریں گے

لاہور (نیوز پلس)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے سب سے مضبوط اور فیورٹ اُمیدوار مصباح الحق آج کسی بھی وقت باضابطہ درخواست دیں گے۔ سری لنکا کی ہوم سیریز میں مصباح الحق اپنے اسائمنٹ کا باضابطہ آغاز کریں گے۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل میچز 27 ستمبر، 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 5، 7 اور 9 اکتوبر کو ہوں گے۔ انہیں ہیڈ کوچ کے لئے چیف سلیکٹر بھی بنایا جائے گا۔توقع ہے کہ وہ تین سال کے لیے یہ ذمے داریاں سنبھالیں گے۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کی ذمے داریاں کوئی بھی ایک شخص ادا کرے گا۔ مصباح الحق درخواست دینے کے ساتھ ہی پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی سے مستعفی ہوجائیں گے۔ہیڈ کوچ بننے کے بعد مصباح الحق اپنے کوچز کی ٹیم تیار کریں گے۔ بولنگ کوچ کے لیے محمد اکرم مضبوط اُمیدوار ہیں۔مصباح الحق اس وقت لاہور میں پری سیزن کیمپ میں کیمپ کمانڈنٹ کے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ پی سی بی نے ڈومیسٹک سیزن کی ٹیموں کا جائزہ لینے کے لیے آزادانہ سلیکشن پینل میں بھی مصباح الحق کو شامل کیا ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے درخواستیں جمع کرانے کا پیر کو آخری دن ہے۔مکی آرتھر کی جگہ کوچنگ کے لیے سب سے مضبوط اُمیدوار اور سابق کپتان مصباح الحق اور سبکدوش ہونے والے کوچ مکی آرتھر نے اتوار تک ہیڈ کوچ کے لئے درخواست نہیں دی تھی۔باوثق ذرائع کے مطابق مصباح الحق کا پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ بہت سارے معاملات پر اتفاق پایا جاتا ہے۔ اب تک جن لوگوں نے ہیڈ کوچ کے لیے درخواستیں دی ہیں ان میں آسٹریلوی ڈین جونز کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے شہرہ آفاق فاسٹ بولر کورٹنی والش شامل ہیں۔جبکہ بولنگ کوچ کے لیے وقار یونس، محمد اکرم اور جلال الدین کے نام نمایاں ہیں۔بیٹنگ کوچ کے لیے ٹیسٹ بیٹسمین فیصل اقبال کا نام سامنے آیا ہے۔ کورٹنی والش بنگلہ دیش کے کوچ رہ چکے ہیں۔ ڈین جونز پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹیڈ کے ساتھ کام کر چکے ہیں اور اس سے قبل بھی پاکستان کی کوچنگ کے لیے امیدوار رہ چکے ہیں۔وقار یونس اور محمد اکرم پاکستان ٹیم کے بولنگ کوچ رہ چکے ہیں۔ مصباح الحق کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ ہیڈ کوچ کیلیے سب سے مضبوط اُمید وار ہیں۔تاہم پی سی بی کے مطابق مصباح الحق کو ہیڈ کوچ بننے سے قبل پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی چھوڑنا ہوگی۔پی سی بی کا کہنا تھاہے کہ اتوار تک ہیڈ کوچ کے لیے تقریبا دس اُمیدوار میدان میں آئے تھے جن میں چھ غیر ملکی ہیں۔ اسی طرح بولنگ، بیٹنگ اور ٹرینر کے لیے بھی درخواستیں ملی ہیں۔اس ماہ کے آغاز میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر سمیت قومی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More