پاکستان کرکٹ بورڈ ہائبرڈ ماڈل پر مشروط رضا مند، بھارتی میڈیا کا دعویٰ
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے لئے ماڈل پر مشروط رضا مندی ظاہر کر دی ،
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی کیلئے ہائبرڈ ماڈل پر مشروط طور پر مان گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان نے یہ شرط عائد کی ہے کہ آئندہ بھارت میں ہونیوالے آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان کیلئے بھی ہائبرڈ ماڈل ہوگا۔ اگر بھارت پاکستان میں نہیں کھیلے گا، تو پاکستان کیلئے بھی وہی فارمولا ہونا چاہیے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے شرط رکھی ہے کہ بھارت کے سیمی فائنل اور فائنل میں نہ آنے کی صورت میں یہ میچزپاکستان میں ہی ہوں گے – یو اے ای میں ہونی والی میچز کے گیٹ منی سے اماراتی بورڈ پی سی بی کو حصہ دے گا۔
بھارت نے 2026ء میں سری لنکا کے ساتھ ٹی 20 ورلڈ کپ، 2029ء میں چیمپئنز ٹرافی اور 2031ء میں ون ڈے کرکٹ ورلڈکپ کی بنگلہ دیش کے ساتھ میزبانی کرنی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ اور ون ڈے ورلڈ کپ کے شریک میزبان ممالک کی وجہ سے پاکستان کے میچز بھارت سے باہر ہو سکتے ہیں۔
ادھر پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی شرائط نہ مانی گئیں تو پاکستان چیمپئنز ٹرافی کا ہائبرڈ ماڈل بھی نہیں مانے گا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی پر حتمی فیصلہ اگلے ایک دو روز میں متوقع ہے۔