پاکستان کا سکھوں کے مقدس مقام گولڈن ٹیمپل پر حمے کے الزام کو سختی سے مسدرد
اسرائیلی اقدامات انسانی اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں، ترجمان دفتر خارجہ
پاکستان نے بھارتی افسر کی جانب سے سکھوں کے مقدس مقام گولڈن ٹیمپل پر حملے کے الزام کو سختی سے مسترد کر دیا ہے سکھوں کے قابل احترام مقام کو نشانہ بنانے کا الزام یکسر مسترد کرتے ہیں ، دفتر خارجہ
اسلام آباد: پاکستان نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ دہرادیا۔ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ اسرائیلی بمباری سے درجنوں فلسطینی شہید ہوئے، اسپتالوں اور بنیادی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، اسرائیلی اقدامات انسانی اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل متاثرین کو امداد کی فراہمی روک کر اجتماعی سزا دے رہا ہے، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے غزہ میں قحط اور بھوک کے بڑھتے خطرے پر اظہار تشویش کیا، غزہ پر مکمل قبضے کے اسرائیلی اعلان سے خطے کے امن کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو امداد کی فراہمی کیلئے عالمی اقدامات ضروری ہیں، اسرائیل کو سزا دلوانے کے لیے بھی عالمی اقدامات ضروری ہیں، پاکستان فلسطینیوں کی جبری بیدخلی، ناجائز آبادکاری اور قبضے کو مسترد کرتا ہے۔
شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے حق کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا، فلسطینی ریاست کی بنیاد 1967ء سے قبل کی سرحدوں پر ہونی چاہیے، جس کا دارالحکومت القدس ہو۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی افسر نے پاکستان پر گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کی کوشش کا الزام لگایا، سکھوں کے قابل احترام مقام کو نشانہ بنانے کا الزام یکسر مسترد کرتے ہیں۔
شفقت علی خان نے کہا کہ فخر ہے کہ پاکستان سکھ مذہب کے بہت سے مقدس مقامات کا محافظ ہے، ہر سال پاکستان دنیا بھر کے ہزاروں سکھ یاتریوں کی میزبانی کرتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کرتارپور کوریڈور کے ذریعے گوردوارہ صاحب تک ویزا فری رسائی دیتا ہے، پاکستان پر گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کا الزام بالکل بے بنیاد اور غلط ہے۔درحقیقت بھارت نے 6 اور 7 مئی کی رات پاکستان میں عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا۔ بے بنیاد الزامات بھارت کے اس ناقابل قبول فعل سے توجہ نہیں ہٹا سکتے۔
دوسری جانب گولڈن ٹیمپل کے سربراہ گیانی امرجیت سنگھ نے ٹیمپل پر ایئر ڈیفنس گن نصب کرنے کا بھارتی فوج کا دعویٰ جھوٹا قرار دیدیا۔