وزیراعظم کا ایران کے رہبر معظم مجتبیٰ خامنہ ای کو سپریم لیڈر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد، ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ
اس مشکل وقت میں اس مشکل وقت میں ایران کی قیادت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں، وزیراعظم کا ایران کے رہبر معظم مجتبیٰ خامنہ ای کے نام خط
اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ، ثقافت اور زبان پر مبنی ہیں، پاکستان کے عوام کو آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کا شدید دکھ ہے،اس مشکل وقت میں ایران کی قیادت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ایران کے رہبر معظم مجتبیٰ خامنہ ای کے نام خط میں ان کے والد اور اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے اور انہیں سپریم لیڈر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی۔ وزیراعظم نے ایران کے برادر عوام اور وسیع تر امت مسلمہ کے لیے پاکستانی عوام کی تعزیت اور دعائوں کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کی وجہ سے پاکستانی عوام شدید دکھ میں ہیں اور اس مشکل وقت میں ایران کی قیادت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیر اعظم نے اس اہم ذمہ داری کو سنبھالنے پر رہبر معظم مجتبیٰ خامنہ ای کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت آنے والے سالوں میں امن، استحکام، وقار اور خوشحالی کی طرف ایران کی رہنمائی کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ، ثقافت اور زبان پر مبنی ہیں۔ انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ دونوں برادر ممالک کے مفاد کے لیے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ اپنے خط میں وزیراعظم نے رہبر معظم مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت اور کامیابی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے برادر عوام کے لیے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے بھی دعا کی ہے۔
بشکریہ: اے پی پی
