Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

وزیراعظم عمران خان کو فوری عہدہ چھوڑ دینا چاہیے ملک انارکی کی طرف جا رہا ہے۔بلاول بھٹو زرداری

مولانا کو اگر احتجاج کے آئینی حق سے روکا گیا تو پیپلز پارٹی اپنے لائحہ عمل پر غور کرے گی

راولپنڈی (نیوز پلس) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو فوری عہدہ چھوڑ دینا چاہیے۔ ملک انارکی کی طرف جا رہا ہے۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سابق آصف زرداری کو طبی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں، سابق صدر کی صحت پر پیپلز پارٹی اور خاندان کو تشویش ہے۔انہوں نے حکومت پرالزام عائد کیا کہ آصف زرداری کو استعمال کرکے خاندان پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ ملزم اور کیس سندھ کا ہے لیکن اس کی انکوائری راولپنڈی میں ہو رہی ہے۔ ہم انسانی حقوق کا مطالبہ کر رہے ہیں، امید ہے عدالتی نظام انصاف ضرور دلوائے گا۔ صدر زرداری بیمار ضرور لیکن حوصلہ بلند ہے، وہ ہر ظلم برداشت کرنے کیلئے تیار ہیں،انہوں نے آصف زرداری کو طبی سہولیات دینے اور ہسپتال منتقل کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔آزادی مارچ کے حوالے سے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کو اخلاقی سپورٹ کرتے ہیں۔ ان کیساتھ ایک بات پر اتفاق ہے کہ عمران خان کو جانا پڑے گا۔ اگر مولانا کو احتجاج کے آئینی حق سے روکا گیا تو پیپلز پارٹی اپنے لائحہ عمل پر غور کرے گی۔بلاول بھٹونے مزید کہا کہ عوام کی زندگی مہنگائی سے تنگ ہو گئی ہے۔ کوئی ایک سیاسی جماعت عوامی مسائل حل نہیں کر سکتی۔ اپوزیشن جماعتوں کو پیغام دیتا ہوں کہ ہم ایسے کارڈز کھیلیں جس سے تھرڈ پارٹی کو آنے کا موقع نہ ملے کیونکہ ٹوٹی پھوٹی جمہوریت بھی آمریت سے بہتر ہوتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More