ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے امید ہے اس واقع پر ساری جماعتیں اکھٹی ہوں گی، چیئرمین پی ٹی آئی
ہماری فوج قربانیاں دے رہی ہے، فورسز نے جس طرح جعفر ایکسپریس کے مسافروں کی بازیابی کے لیے کامیاب آپریشن کیا ہے،بیرسٹر گوہر
اسلام آباد : چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے جعفر ایکسپریس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید مسافروں اور ایف سی اہلکاروں کے اہل خانہ سے تعزیت کیا ہے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ ہماری فوج قربانیاں دے رہی ہے، فورسز نے جس طرح جعفر ایکسپریس کے مسافروں کی بازیابی کے لیے کامیاب آپریشن کیا ہے، اس پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ ہم سب کو ماضی کو بھول کر آگے بڑھنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بولان میں ہمارے سکیورٹی فورسز کے 4 جوان اور 20 مسافر شہید ہوئے جن کے اہلخانہ کے ساتھ دلی ہمدردی ہے، پاک فوج دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دے رہی ہے، سکیورٹی فورسز نے آپریشن کامیابی سے مکمل کیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم پوائنٹ آف آرڈر مانگیں تو اکثر ملتا نہیں، پوائنٹ آف آرڈر مل جائے تو وقت پورا نہیں دیتے، پارلیمنٹ میں ہماری بات کو میوٹ نہ کیا جائے، آئین میں بھی لکھا ہے 130 دن سیشن ہو، آخری بار بھی 89 دن سیشن چلا۔
بیرسٹر گوہر خان نے مزید کہا کہ جب کوئی بل آئے اور کوئی قانون بنتا ہے تو اس پر بھی گفتگو ہونی چاہیے، صدر صاحب نے دوسری بار خطاب کیا ہے، رولز کی پاسداری ہونی چاہیے، ایوان کی پاسداری ہونی چاہیے، اس طرح کسی ایک کیلئے بھی حالات سازگار نہیں ہوں گے۔