لیبیا کشتی حادثے میں 16 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق
کشتی حادثہ پر 63 مسافر پاکستانی تھے،37 زندہ بچ گئے، 10 کے قریب پاکستانی لاپتہ ہیں،ترجمان دفتر خارجہ
اسلا م آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے لیبیا کشتی حادثہ میں 16پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیبیا میں پیش آنے والے حالیہ کشتی حادثے میں کل 73 افراد سوار تھے جن میں سے 63 کا تعلق پاکستان سے ہے، جن میں سے 16 لاشیں برآمد ہوئی ہیں37 زندہ بچ گئے ہیں جن میں ایک اسپتال میں اور 33 پولیس کی تحویل میں ہے، 10 کے قریب پاکستانی لاپتہ ہیں،
ترجمان وزارت خارجہ نے جاری تفصیلات میں کہا ہے کہ لیبیا کے ساحل پر کشتی الٹنے کی خبر کے بعد طرابلس میں پاکستانی سفارتخانے کی ایک ٹیم نے زاویہ شہر کا دورہ کیا اور مقامی حکام اور زاویہ ہسپتال سے ملاقات کے بعد جو معلومات اکٹھی کی ہیں۔اس میں کہا گیا ہے کہ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق کشتی میں 63 پاکستانی سوار تھے اور اب تک 16 لاشیں نکالی جا چکی ہیں اور ان کی پاکستانی شہریت کی بنیاد پر شناخت کی گئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ 37 زندہ بچ گئے ہیں جن میں ایک اسپتال میں اور 33 پولیس کی تحویل میں ہے۔اس حادثے میں 10 کے قریب پاکستانی لاپتہ ہیں۔ زندہ بچ جانے والوں میں سے 3 طرابلس میں ہیں اور سفارت خانہ ان کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔
جو16 لاشیں برآمد ہوئیں ہیں ان میں ثقلین حیدر ولد عمران علی،( کرم ایجنسی)،سراج الدین ولد اقبال محمد(کرم ایجنسی)،شعیب حسین ولد نورد علی( کرم ایجنسی)،نصرت حسین ولد میر افضل( کرم ایجنسی)،شعیب علی ولد محمد علی(کرم ایجنسی)،سید شہزاد حسین ولد سید واجد علی شاہ( کرم ایجنسی)،عابد حسین ولد عمران علی( کرم ایجنسی)،آصف علی ولد اسرار حسین( کرم ایجنسی)،محمد علی شاہ ولد عبداللہ شاہ،
(اورکزئی ایجنسی)،مصور حسین ولد شیر مہدی(کرم ایجنسی)،اسور حسین ولد مندر علی( کرم ایجنسی)،عابد حسین ولد محمد حسن( کرم ایجنسی)،مصائب حسین ولد جمیل حسین( کرم ایجنسی)انیس خان ولد مشرف خان( پشاور)،اشفاق حسین ولد حسنین افضل( کرم ایجنسی)اور شاہد حسین ولد کفایت حسین(کرم ایجنسی) شامل ہیں ،ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ طرابلس میں سفارت خانہ مزید معلومات اکٹھا کرنے اور مقامی حکام سے رابطہ برقرار رکھنے کے عمل میں ہے