قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں اضافہ، پی ایس ایل 12کا بجٹ بھی منظور
بورڈ کا ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کے لیے بجٹ 3 ارب روپے سے بڑھا کر 4 ارب روپے کرنے کا فیصلہ
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں نمایاں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں مالی سال 2026-27 کے سرپلس بجٹ کی متفقہ منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو انتظامی اور مالیاتی طور پر مزید خودمختار بنانے اور پی ایس ایل 12 کے بجٹ کی منظوری بھی دی گئی۔
بورڈ نے ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کے لیے بجٹ 3 ارب روپے سے بڑھا کر 4 ارب روپے کرنے کا فیصلہ کیا، جبکہ نئے سینٹرل کنٹریکٹ کے فارمیٹ، ادائیگی کے طریقہ کار اور قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں اضافے کی بھی منظوری دی گئی۔
ذرائع کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو فی میچ 15 لاکھ روپے، ون ڈے کھلاڑیوں کو 6 لاکھ 50 ہزار روپے اور ٹی ٹوئنٹی کھلاڑیوں کو 4 لاکھ 50 ہزار روپے میچ فیس دی جائے گی۔
اے کیٹیگری میں شامل ٹیسٹ کرکٹرز کو 15 لاکھ روپے، ون ڈے کھلاڑیوں کو 7 لاکھ 50 ہزار روپے اور ٹی ٹوئنٹی کھلاڑیوں کو 6 لاکھ 50 ہزار روپے فی میچ ملیں گے۔ بی کیٹیگری کے ون ڈے کھلاڑیوں کو 7 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ ٹی ٹوئنٹی کھلاڑیوں کو 5 لاکھ روپے فی میچ ادا کیے جائیں گے۔ سی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو ٹی ٹوئنٹی کے لیے 5 لاکھ روپے میچ فیس ملے گی، جبکہ اگر وہ ون ڈے کھیلیں گے تو انہیں بھی 5 لاکھ روپے ہی ادا کیے جائیں گے۔
بورڈ آف گورنرز نے قائداعظم ٹرافی کے کھلاڑیوں کی میچ فیس 30 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے اور ریزرو پلیئرز کی میچ فیس 15 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کرنے کی بھی منظوری دی۔
اجلاس میں ویمنز ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس کے انعقاد کے لیے فنڈز مختص کیے گئے، جبکہ ریجنل گراؤنڈ اسٹاف کی کم از کم تنخواہ 42 ہزار روپے مقرر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اس کے علاوہ 12 مزید گراؤنڈز کو آپریشنل کرنے، نیشنل اسٹیڈیم سمیت دیگر کرکٹ انفرا اسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لیے 6 ارب 70 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی، جبکہ ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں بائیو میکینکس مشین کی تنصیب کے لیے بھی فنڈز مختص کیے گئے۔
