Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

علی امین گنڈا پور مستعفی، سہیل آفریدی نئے وزیراعلی خیبرپختونخوا نامزد

علی امین گنڈا پور مستعفی، سہیل آفریدی نئے وزیراعلی خیبرپختونخوا نامزد

عمران خان کے حکم پر وزارت اعلی کے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں، علی امین گنڈاپور

 اسلام آباد:  (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے وزیراعلی خیبرپختونخوا کی تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور کی جگہ سہیل آفریدی وزیراعلی کے امیدوار ہوں گے۔سلمان اکرم راجا نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ علی امین گنڈاپور نے علیمہ خان پر سنگین الزامات لگائے تھے، انہوں نے علیمہ خان پرپارٹی میں تقسیم کاالزام عائد کیا تھا۔

پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل نے وزیراعلی خیبرپختونخوا کو ہٹانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی جگہ سہیل آفریدی وزیراعلی ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کی بدترین صورتحال ہے، صوبے میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات پر عمران خان غمگین ہیں اور خاص طور پر آج ضلع اورکزئی میں ہونے والے واقعے میں جوانوں کی شہادت پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب میرے پاس کوئی چارہ نہیں کہ میں تبدیلی کروں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے یاد دلایا کہ پچھلے دو سالوں میں یہ موقف رہا ہے کہ وفاقی حکومت کا جو طریقہ کار یا پالیسی اپنائی ہوئی ہے وہ بالکل غلط ہے اور خیبرپختونخوا حکومت خود کو اس پالیسی سے دور کرے، یہ پالیسی جنگ وجدل کی پالیسی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس تمام عرصے میں عمران خان نے کہا کہ میں نے بار بار یہ کہا ہے کہ جب تک اسٹیک ہولڈرز (قبائل، افغان حکومت اور افغان عوام)کو شامل نہیں کیا جائے گا تب تک خیبرپختونخوا اور پورے پاکستان میں امن نہیں ہوگا۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم نے جس طرح افغان مہاجرین کو ملک بدر کیا، ان کی بیعزتی کی، اس سے ہم نے ایک ایسی نفرت بوئی ہے جس کی کوئی ضرورت نہیں تھی، 40 سال مہمان نوازی کے بعد ہم نے ایسی حرکت کی جو ناقابل معافی ہے۔عمران خان نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ایک سال سے زائد عرصے تک وزیر خارجہ رہے اور وہ ایک بار بھی کابل نہیں گئے، وہاں کی حکومت سے کوئی رابطہ نہیں رکھا گیا، جب کہ میرے دور میں دہشت گردی تاریخ کی کم ترین سطح پر تھی، اس ملک میں وہ حملے نہیں ہو رہے تھے جو آج ہو رہے ہیں۔

سیکرٹری پی ٹی آئی کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ دہشت گردی کو ختم کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ اس پر مذاکرات کیے جائیں اور اس کو بڑے تناظر میں دیکھا جائے اور اس معاملے کو حل کیا جائے۔سلمان اکرم راجا کے مطابق عمران خان کو توقع ہے کہ سہیل آفریدی کے وزیراعلی بننے کے بعد خیبرپختونخوا میں نئی حکومت اور نئی سوچ قائم ہوگی، جہاں افہام وتفہیم کی بات ہوگی اور معاملات کو سمجھنے کی بات ہوگی، جرگہ سسٹم سے معاونت حاصل کی جائے گی اور اس معاملے کو ایک دیرپا حل مہیا کیا جائے گا۔

دریں اثنا، علی امین گنڈا پور نے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے حکم پر وزارت اعلی کے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلی کی پوزیشن بانی پی ٹی آئی کی امانت تھی، یہ امانت ان کو واپس کر کے اپنا استعفیٰ دے رہا ہوں، تاہم سہیل آفریدی کو میری مکمل حمایت اور سپورٹ حاصل ہوگی اور ہم عمران خان کی رہائی اور پارٹی پالیسی کے لیے ایک ہوکر آگے بڑھیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More