سیکیورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا میں کاروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 9 خوارج ہلاک، 2 جوان شہید
سپاہی فرہاد علی علوی، لانس صابر آفریدی نے جام شہادت نوش کیا
راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں کاروائیاں کر کے 9 بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ہلاک کر دیا، جبکہ سپاہی اور لانس نائیک نے وطن پر قربان ہو گئے۔
پہلی کارروائی لکی مروت میں کی گئی جس کے دوران دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں بھارتی حمایت یافتہ 5 خوارج ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اسی طرح بنوں میں کارروائی کے دوران دو بھارتی حمایتی یافتہ خوارج کو ہلاک کیا گیا جبکہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی قافلے پر فائرنگ کرنے والے خوارج کو جوابی کارروائی میں ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں میں سپاہی فرہاد علی طوری (عمر 29 سال، سکنہ ضلع کرم)، لانس نائیک صابر آفریدی (عمر 32 سال سکنہ ضلع کوہاٹ) نے جام شہادت نوش کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ خوارج کی ان علاقوں میں ممکنہ موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشنز جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز بھارتی پراکسیز کی طرف سے دہشتگردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
