سیکیورٹی فورسز کی بارکھان میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن ،میجر سمیت 5 اہلکار شہید،7 دہشتگرد بھی ہلاک
ضلع بارکھان، بلوچستان کے علاقے نوشم میں سکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم “فتنہ الہندوستان” کے خلاف ایک بڑا کلیئرنس آپریشن کیا، جس کے دوران شدید جھڑپ میں پاک فوج کے 5 بہادر اہلکار شہید ہوگئے جبکہ 7 دہشت گرد مارے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا، جس میں پاک فوج اور فرنٹیئر کور بلوچستان کے دستوں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا کامیابی سے سراغ لگا کر مؤثر کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں اور فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
بیان کے مطابق اس کارروائی کے دوران پاک فوج کے ایک فیلڈ آفیسر میجر توصیف احمد بھٹی سمیت 5 جوان وطن پر قربان ہوگئے۔ شہداء نے دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ سکیورٹی اداروں نے شہداء کی قربانی کو ملک کے امن و استحکام کے لیے عظیم خدمت قرار دیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا، جسے دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال کیا جانا تھا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن بلوچستان میں غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے جاری مہم کا حصہ ہے۔ سکیورٹی فورسز ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گی تاکہ پاکستان میں امن کو یقینی بنایا جا سکے۔
