Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی سے چین کے پاکستان میں سفیر یو جینگ کی ملاقات

کشمیر پر پاکستان اور چین کا موقف یکساں ہے۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی

اسلام آ باد (نیوز پلس) سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی سے چین کے پاکستان میں سفیر یو جینگ کی ملاقات کی جس میں کشمیر سمیت خطے کی موجودہ صورتحال اور دو طرفہ امور پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ کشمیر پر پاکستان اور چین کا موقف یکساں ہے، بھارت کو کسی طور پر خطے کا تھانیدار نہیں بننے دیں گے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کرنے کے بھارتی فیصلے کی پور ی دنیا مذمت کر رہی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات تاریخ کی ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں، دونوں ملکوں کے مابین ترقیاتی اور اقتصادی شراکت داری ایشیاء کو دنیا میں منفرد مقام فراہم کر ے گی۔پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے ان کا کہنا تھا کہ سی پیک خطے کے مستقبل اور پاک چین دوستی کا مظہر ہے۔حکومت کی جانب سے سی پیک اتھارٹی کے قیام کے فیصلے سے جاری ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لانے میں مدد ملے گی اور ان منصوبوں کے جلد ثمرات سے استفاد ہوگا،چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے پارلیمانی تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جائے گا،دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی تعلقات کے استحکام سے عوام کو ایک دوسرے کے قریب آنے کے مزید مواقع میسر ہوئے ہیں۔ملاقات میں چینی سفیر یو جینگ نے کہا کہ پاکستان چین کا دیرینہ اور بے مثل دوست ہے، خطے میں ہر قسم کی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہیں،کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو رکوانے کیلئے عالمی برادری کو کردار ادا کرنا چاہیے۔چینی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین مقبوضہ کشمیر کے حوالے اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں۔سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر کام میں مزید تیزی لائی جائے گی۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More