Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

سعودی عرب کے خلاف زہر اگلنا ناقابل معافی جرم ہے، قوم پاک-سعودی عرب دوستی میں رکاوٹ ڈالنے والے ہاتھ توڑ دے گی، وزیراعظم

سعودی عرب کے خلاف زہر اگلنا ناقابل معافی جرم ہے، قوم پاک-سعودی عرب دوستی میں رکاوٹ ڈالنے والے ہاتھ توڑ دے گی، وزیراعظم

سعودی عرب کے خلاف زہر اگلنا ناقابل معافی جرم ہے، قوم پاک-سعودی عرب دوستی میں رکاوٹ ڈالنے والے ہاتھ توڑ دے گی، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کچھی کینال کی بحالی کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب

تونسہ بیراج/کوٹ ادو:  وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کی پاکستان کے لیے غیرمشروط مالی اور سفارتی حمایت کو سراہتے ہوئے دوٹوک طور پر کہا ہے کہ ایسے برادر ملک کے خلاف زہر اگلنا ناقابل معافی جرم ہے، کوئی بھی ایسا ہاتھ جو پاک-سعودیہ دوستی میں رکاوٹ ڈالے گا، قوم اسے توڑ دے گی، سعودی عرب جیسے دیرینہ دوست کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کرکے کسی کو پاکستان کے مفاد سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے، سیاسی مفاد کے لیے نفرتوں کے بیج بونے اور پاکستان کے مفاد کو دائو پر لگا کر سیاسی مفاد حاصل کرنے سے گریز کیا جائے، پاکستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہو کر ملک دشمنوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا۔

 انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو تونسہ میں کچھی کینال منصوبہ کی بحالی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا ایک ایسا دوست اور برادر ملک ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے، ہر دور اور ہر حکومت میں سعودی عرب نے بلاتفریق پاکستان کے عوام اور حکومت کی مالی، اقتصادی اور سفارتی مدد کی ہے، ہمیشہ عالمی سطح پر پاکستان کا مقدمہ لڑا ہے، ہر محاذ پر پاکستان کی بے مثال مدد کی، اس کے بدلے میں 77 سال میں کوئی مطالبہ یا سیاسی عزائم نہیں رکھے، ہمیشہ غیرمشروط طور پر بھائیوں کی طرح ہماری مدد کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ روز سعودی عرب کے حوالے سے دیئے جانے والے بیان سے زیادہ پاکستان دشمنی کوئی نہیں ہو سکتی، سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کے لیے اپنے دروازے کھلے رکھے ہیں، ہمیشہ کھل کر پاکستان کی مدد کی، میرے حالیہ دوروں کے دوران سعودی حکومت نے پاکستان میں خطیر سرمایہ کاری کی بات کی، اس حوالے سے معاہدے ہوئے، ایسے شفیقانہ رویے کے حامل دوست ملک کے خلاف زہر اگلنا افسوسناک ہے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب کی تحسین اور اس کے لیے اچھے جذبات کے بجائے زہر آلود بیانات دیئے جا رہے ہیں، انہیں اس کے نقصانات کا اندازہ نہیں ہے، پاکستان جب ایٹمی طاقت بنا تو اس وقت عالمی پابندیوں کے باوجود سعودی عرب نے ہمیں مفت تیل دیا ، جنرل مشرف کے دور میں بھی یہ سلسلہ جاری رہا، سعودی عرب ہمارا وکیل ہے جس نے پاکستان کی اربوں ڈالر کی مدد کی، آئی ایم ایف سے بیل آئوٹ پیکج سعودی عرب کی وجہ سے ملا، اس کے خلاف زہر اگلنا ناقابل معافی جرم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کوئی بھی ایسا ہاتھ جو پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی میں رکاوٹ ڈالے گا، قوم اسے توڑ دے گی، سیاسی مفاد کے لیے نفرتوں کے بیج بونے اور پاکستان کے مفاد کو دائو پر لگا کر سیاسی مفاد حاصل کرنے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں، ہمیں پاکستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہو کر ملک دشمنوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا، سعودی عرب جیسے پائیدار دوست کے خلاف پروپیگنڈا کرکے کسی کو پاکستان کے مفاد سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

کچھی کینال منصوبہ کی بحالی کے حوالے سے اپنے خطاب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ کچھی کینال منصوبہ کی بحالی کے ذریعے بلوچستان کے متاثرہ علاقے کو دوبارہ نئی زندگی ملے گی، وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، ان کی ذاتی کاوشوں اور دلچسپی سے یہ منصوبہ بحال ہوا، حکومت پنجاب، وفاقی وزیر احسن اقبال اور واپڈا کی معاونت سے یہ منصوبہ مکمل ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کی فزیبلٹی سٹڈی کا آغاز 1998 میں نواز شریف کے دور میں ہوا، جنرل مشرف کے دور میں بغیر ٹینڈر کے اس منصوبہ کو ٹھیکیداروں کے حوالے کیا گیا اور بے دردی سے غریب قوم کا پیسہ برباد کیا گیا، 2018 میں نواز شریف کے دور میں اس منصوبہ کی تکمیل ہوئی، اس منصوبہ پر اب تک 100 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں، اس منصوبہ کے اصل محسن نواز شریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2022 کے سیلاب میں کچھی کینال کو بے پناہ نقصان پہنچا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس منصوبہ کے دوسرے مرحلے کی تکمیل اصل چیلنج ہے، اس کے لیے جہاں سے بھی وسائل لانے پڑے، لا کر اس منصوبہ کو مکمل کریں گے۔

 انہوں نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان نے وفاق کے ساتھ مل کر بلوچستان میں ٹیوب ویلوں کو سولرائزیشن پر منتقل کرنے کے منصوبہ کا آغاز کیا ہے، وزراء اعلیٰ پنجاب اور بلوچستان نوجوان اور باصلاحیت ہیں، وہ اپنے صوبوں کے عوام کی تقدیر بدلنے کے لیے کوشاں ہیں، پنجاب میں کاشتکاروں کو مفت ٹریکٹرز کی تقسیم وزیراعلی کی جانب سے بڑی خدمت ہے، اس سے زرعی شعبہ میں انقلاب آئے گا، وزیراعلی پنجاب نے تعلیم اور صحت پر صوبہ میں بھرپور توجہ مرکوز کر رکھی ہے، وہ محنت، امانت اور دیانت پر عمل پیرا ہیں، ان کی محنت کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔ قبل ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے تونسہ بیراج کے مقام سے نکالی گئی کچھی کینال کے سیلاب سے متاثرہ حصوں کی بحالی کے منصوبہ کا افتتاح کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ سب کو پنجاب کی دھرتی پر خوش آمدید کہتے ہیں،یہ ایک نہر نہیں ہے بلکہ پنجاب سے ہوتا بلوچستان کی خوشحالی کا راستہ ہے،اس منصوبے پر نواز شریف کے دور میں آغاز ہوا اور تکمیل بھی ان کے دور میں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی چاروں صوبوں کو جوڑنے اور ملک کی سلامتی،ترقی اور معاشی خوشحالی کے راستے پر شہباز شریف کاربند ہیں، ان کے دل میں پاکستان کا درد ہے کہ وہ اس کے لئے کچھ کرگزریں، کئی سال بعد ملک میں ہرروز خوشحالی کی خبر آرہی ہے، شہباز شریف کے اقتدار میں آنے سے قبل روزانہ پاکستان کے ڈیفالٹ کرنے کی خبریں آتی تھیں لیکن اب سٹاک مارکیٹ تیزی سے اوپر،افراط زر سنگل ڈیجٹ پر آ گئی ہے،اس سے پاکستانیوں کی قوت خرید بڑھی ہے،لوگ خوش ہیں اور کسی احتجاج پر دھیان نہیں دے رہے، ان کا گزشتہ چار سالہ دور مجرمانہ غفلت کا دور تھا، ان کا ایجنڈا گھیرائو جلائو ہے، پنجاب کے عوام کو اس فتنے سے کیسے تحفظ دینا ہے میں جانتی ہوں، پاکستان کو اللہ پاک اس فتنے سے محفوظ رکھے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہر چیز میں بہتری کا کریڈٹ مسلم لیگ ن کا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جب ترقی آتی ہے تو اس وقت مسلم لیگ ن اقتدار میں ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ایک گھریلو خاتون نے پاکستان کے برادر دوست ملک پر حملہ کیا ہے، وہ ملک پاکستان کا محسن ملک ہے جو ہمیشہ پاکستان کی مدد کے لئے آیا، اس بیان کے پاکستان پر اثرات کا انہیں اندازہ نہیں۔

وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ 2002 میں اس منصوبے کی منظوری ہوئی تاہم یہ منصوبہ مردہ گھوڑا بن گیا تھا،نواز شریف کے اقتدار میں آنے کے بعد اس کی تکمیل ہوئی اور خوشحالی کا دور دیکھا،2022 میں یہاں سیلاب سے تباہی آئی اور ہمارے علاقوں سے لوگوں نے نقل مکانی کرنی شروع کردی، ایک بار پھر ہماری استدعا پر اس خواب کی اب تکمیل ہوئی ہے، اس پر وفاق اور پنجاب حکومت کے شکر گزار ہیں، پنجاب نے ہمیشہ بلوچستان کے لوگوں کے لئے اپنے دل کشادہ رکھے، اس پر پنجاب کے لوگوں اور حکومت کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس کینال کا 100 کلومیٹر رہ گیا ہے، یہ شہباز شریف سپیڈ سے جلد مکمل ہو سکتا ہے، بلوچستان کے لوگوں کی یہی خواہش ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد معصوم لوگوں کو شہید کر رہے ہیں، ان کا کوئی علاقہ یا مذہب نہیں ہے، پاکستان ایک گلدستہ ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا کہ کچھی کینال کا منصوبہ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں 2018 میں مکمل ہوا تھا تاہم 2022 کے سیلاب میں اسے شدید نقصان پہنچا،اب اس منصوبے کو وزیر اعظم کی ہدایت پر ربیع کے سیزن سے قبل بحال کیا گیا ہے،ہم ملک میں ترقی کے سفر کو آگے بڑھانے کے لئے کوشاں ہیں۔

وفاقی وزیر توانائی مصدق ملک نے کہا کہ چاروں صوبوں میں بھائی چارہ اور ملک کی خوشحالی وزیر اعظم کا وژن ہے،ملک میں مہنگائی میں کمی اور روزگار میں اضافے سے خوشحالی آئے گی،اسی سے وزیر اعظم کا وژن پورا ہوگا، ریگستان سے نخلستان بنانے کا سفر وزیر اعظم کا وژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی آبادی کا 50 فیصد سے زیادہ دیہی آبادی پر مشتمل ہے اور ان کا انحصار زراعت پر ہے،یہ بنجر زمین کو آباد کرنے کا سفر ہے،زراعت غریب آدمی کا روزگار ہے اور یہی وزیر اعظم کا وژن ہے۔

چیئرمین واپڈا سجاد غنی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم نے 45 دن میں 2022 کے سیلاب سے متاثرہ کچھی کینال کی بحالی کی ہدایت کی اور آج اس کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیاگیا ہے، کچھی کینال سے بلوچستان کی 7 لاکھ 15 ہزارایکڑ اراضی سیراب ہوگی۔

بشکریہ: اے پی پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More