سابقہ حکومت نے دہشت گردوں کو دوبارہ واپس آنےدیااس سے بڑھ کر ملک دشمنی نہیں ہوسکتی، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک کا عظیم سفیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی، آپ کے عزم اور محنت کی بدولت ترسیلات زر میں تقریباً 30 فیصد کا اضافہ ہوا ہے،بیرون ملک پاکستانیوں کے گرین چینل کو بحال کریں گے ،ماضی کی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے دہشت گردی کے ناسور نے دوبارہ سر اٹھایا ہے،ہم دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر کے ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں اوور سیز پاکستانیز گلوبل فائونڈیشن کے کنونشن سےخطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان ،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین اور وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کے عظیم سفیر ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کا ملک میں خیر مقدم کرتے ہیں، آپ ہر شعبے میں اپنی شبانہ روز محنت سے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں،میں، پاکستان کی حکومت اور پاکستان کے 24 کروڑ عوام آپ کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں،بیرون ملک سے تربیت حاصل کر کے آپ ملک کے لیے بہترین خدمات سرانجام دیتے ہیں، آپ کے تجربے سے ملک و قوم کو فائدہ پہنچتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آپ کے عزم اور محنت کی بدولت ترسیلات زر میں تقریباً 30 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، ترسیلات زر میں اضافے سے زر مبادلہ کے ذخائر مستحکم ہوئے ہیں، آپ اپنے ملک میں جو سرمایہ کاری کرتے ہیں اس سے ملکی معیشت کو فائدہ پہنچتا ہے اور جب آپ جائیداد خریدتے ہیں تو اس سے پراپرٹی کے کاروبار کو فروغ ملتا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ وزارت اعلیٰ کے دور میں ہم نے پنجاب میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے تھے، ایک ادارہ بنایا تھا اور قبضہ گروپوں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ ادارہ پنجاب میں وزیراعلی مریم نواز کی نگرانی میں بہترین کام کر رہا ہے، امید ہے کہ اس میں مزید بہتری آئے گی ۔وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے اور آپ کو آپ کا حق دلوائیں گے، آپ کی جائیدادوں کو محفوظ بنانے کے حوالے سے اقدامات کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ آپ نے جو معاملات اٹھائے ہیں ان کو حل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ گرین چینل سابق وزیراعظم نواز شریف کا بہت بڑا کارنامہ تھا اس کو فوری طور پر بحال کیا جائے گا، امید ہے کہ اس میں بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی پوری طرح ہمارا ہاتھ بٹائیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے یوتھ فیسٹیول سے متعلق تجویز کا خیر مقدم کرتے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سے کہوں گا کہ اس حوالے سے متعلقہ وزراء اور او پی ایف کے ساتھ مل کر ایک پلان بنائیں اور اگلے چند ماہ میں اس کا انعقاد ہونا چاہیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں قیام امن کے لیے پاک فوج کے بہادر افسران اور جوان قربانیاں دے رہے ہیں، 2018ء تک ملک میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو گیا تھا لیکن ماضی کی حکومت کی غلط پالیسیوں سے اس ناسور نے دوبارہ سر اٹھایا ہے ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار پاکستانیوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان میں عام شہری، ڈاکٹرز، انجینئرز کے ساتھ ساتھ افواج پاکستان کے دلیر افسران، جوان اور ان کے بچے بھی شامل ہیں، تب جا کر دہشت گردی کا مکمل طور پر خاتمہ ہوا تھا لیکن بدقسمتی سے چند سال پہلے ایک حکومت نے ان کو دوبارہ پاکستان آنے دیا، اس سے بڑی پاکستان دشمنی اور کوئی ہو نہیں سکتی،
کل ہی کوئٹہ کا دورہ کیا ، اس سے دو دن پہلے پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر وہاں تشریف لے گئے تھے ،23 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا اور اس کے ساتھ 18 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، زخمیوں کے ساتھ میری ملاقات ہوئی، ان کے حوصلے بہت بلند تھے ، یہ ہے قربانیوں کی وہ لازوال داستان ،افواج پاکستان کے افسران اور جوانوں اور پاکستان کی مائوں ،بہنوں بیٹوں اور بزرگوں نے قربانیاں دی ہیں، میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ان عظیم قربانیوں کے نتیجے میں یہ دہشت گردی پھر ختم ہوگی اور ہمیشہ ہمیشہ کے لیے دفن ہوگی اور یہ دھرتی انشاءاللہ محفوظ ہوگی کیونکہ اس کے پیچھے ہمارے باوردی جوانوں اور افسران کی قربانیاں ہیں،
ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور یہ قربانیاں رنگ لائیں گی۔ہم دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر کے ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ہم نے ایک تقریب کا انعقاد کیا تھا جس میں پاکستان میں سب سے بڑے سرمایہ کار ، ایکسپورٹر اور سب سے بڑے ٹیکس دہندگان کو ایوارڈز دیئے تھے اور انہیں سفیر عمومی بنایا تھا،وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز اور چیئرمین او پی ایف سے کہوں گا کہ دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کی ایک کیٹیگری بنائی جائے، ہر سال دنیا کے مختلف حصوں سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سفیر عمومی بنائیں گے اور انہیں بلیو پاسپورٹ بھی دیں گے۔
وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا ملکی معشیت میں اہم کردار ہے،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو حل کیا جائے گا، کنونشن کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
اوورسیز پاکستانی گلوبل فائونڈیشن کے چیئرمین ظہیر اختر مہر نے کہا کہ دنیا کے 20 ممالک سے پاکستانی یہاں پر موجود ہیں۔اوورسیز پاکستانیز یقین دلاتے ہیں کہ ہم ریاست پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، ہمارا نعرہ ہے کہ پہلے ریاست پھر سیاست۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک سے یہ پاکستانی اپنے ملک کے سفیر ہیں ہم اپنے ملک اور اپنے اداروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے، بیرون ملک پاکستانی وزیراعظم ہائوس میں مدعو ہونے پر بے حد خوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی آپ کی ٹیم ہیں ،سوشل میڈیا پر فیک نیوز کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر اپنا دروازہ کھول کر ایک تاریخ رقم کی ہے، ہم اس پر آپ کے اور تمام اداروں کے ممنون ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانیوں نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، ہمارے شہداء ہمارے ہیروز ہیں ان کی قربانیوں سے ہمارا مستقبل محفوظ ہوا ہے ہم ان کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولیں گے۔
بشکریہ : اے پی پی