Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

رہبر کمیٹی نے عید کے بعد مولانا فضل الرحمٰن کی سربراہی میں آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا فیصلہ

حکومت کی کوشش ہے کہ اپوزیشن کو جذباتی کر کے ان کے سامنے ایسے فیصلے لائے کہ وہ الگ ہو جائے

اسلام آباد (نیوز اسلام آباد)اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی نے عید کے بعد مولانا فضل الرحمٰن کی سربراہی میں آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا فیصلہ کر لیا۔رہبر کمیٹی کے سربراہ اکرم درانی نے کمیٹی کے اجلاس کے بعد دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہم حکومت کو بھاگنے نہیں دیں گے، انہیں پکڑیں گے اور ساتھ چلائیں گے۔’انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ اپوزیشن کو جذباتی کر کے ان کے سامنے ایسے فیصلے لائے کہ وہ الگ ہو جائے۔رہبر کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ ہم کشمیر پر الگ نہیں ہو سکتے، باقی چیزوں پر ہم حکومت کی کسی ایسی بات میں ان کا ساتھ نہیں دیں گے۔اکرم درانی نے کہا کہ مخصوص ایجنڈے نے ‘سی پیک’ کو سبوتاژ کیا اور امریکا کی وجہ سے چین جیسا دوست ناراض ہو گیا، وہ سی پیک جو نے اس ملک کی تقدیر بدل رہا تھا اب اس پر بھی کام رک گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کوشش تو سلیکٹڈ وزیر اعظم نے پہلے ڈی چوک پر کی تھی جب چین کے صدر نے یہاں آنا تھا اور عمران خان نے 9 مہینے یہاں دھرنا دیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت ملک دشمن ہے، انہوں نے تاجروں کا جو حال کیا، یہاں پر بیروزگاری کی، اتنے لوگوں کے گھروں کو مسمار کیا اور کہتے تھے ایک کروڑ نوکریاں دیں گے۔اکرم درانی نے کہا کہ میں خیبر پختونخوا میں ابھی 83 ہزار نوکریاں ختم کی گئیں، وہاں کرپشن کی انتہا ہے، بلین ٹری اور بی آر ٹی میں کرپشن ہوئی لیکن ادارے خاموش ہیں۔رہبر کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ ہمارے تو لوگ جو اپنے والد سے ملنے جاتے ہیں انہیں جانے نہیں دیتے اور جن لوگوں نے تباہی نے کی ان کی طرف دیکھ بھی نہیں رہے۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے الیکشن میں بھی اسٹیبلشمنٹ نے ہمیں ہرایا اور وہ لوگ جو اس بات کا اپنی زبان سے اظہار کر رہے ہیں تو ان کی زبان پر بھی تالا لگا دیا ہے۔اکرم درانی نے کہا کہ اس ملک میں آپ کوئی بات بھی نہیں کر سکتے، جس طرح چینلز بند کیے جارہے ہیں، جس طرح صحافیوں کی زبانوں کو خاموش کروا کر ان کے ہاتھوں سے قلم نکال کر پھینکا جارہا ہے اور دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا میڈیا کے ساتھ پرانا واسطہ ہے، ہم ابھی بھی لحاظ کر رہے ہیں ورنہ میڈیا کو بھی اتنی غلامی نہیں کرنی چاہیے جو آج کل وہ کررہے ہیں، انہوں نے بھی آزادی کے لیے نکلنا ہے۔رہبر کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ اس ملک کے ساتھ جو کھیل کھیلا جارہا ہے، اس میں اگر صحافیوں کا قلم اور سوچ ہمارے ساتھ نہ ہو تو مستقبل میں ہمارے بچے بھی آزاد نہیں رہیں گے۔اکرم درانی نے کہا کہ ہم نے متفقہ طور پر عید کے بعد مولانا فضل الرحمٰن کی سربراہی میں آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا فیصلہ کیا ہے، اے پی سی کی تاریخ کا فیصلہ مشاورت سے ہوگا۔انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں دہشت گرد پھر سے منظم ہو رہے ہیں حکومت اس پر خاموش کیوں ہے، لاعلم ہے یا پھر کوئی منصوبہ بندی ہورہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ رہبر کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتیں سینیٹ میں شکست کی تحقیقات کریں گی اور جن 14 افراد نے اپنی جماعت کی پالیسی کے خلاف اپنی رائے دی ہے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ تمام اپوزیشن کا متفقہ خیال ہے کہ حکومت نئی انتقامی کارروائیوں کی لہر برپا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت، مسئلہ کشمیر سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے اور سلیکٹڈ وزیر اعظم دورہ امریکا میں کشمیر کو ہار کر یا اس کا سودا کر کے آئے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ ہم انہیں کشمیر کے مسئلے سے پیچھے نہیں ہٹنے دیں گے، 72 سال سے کشمیر کے عوام اور پاکستان نے قربانیاں دی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More