Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

دہشت گردی کو پاکستان کی سرحدوں سے اٹھا کر بحرہند میں ڈبو دیں گے، وزیراعظم شہبازشریف

دہشت گردی کو پاکستان کی سرحدوں سے اٹھا کر بحرہند میں ڈبو دیں گے، وزیراعظم شہبازشریف

ٹی ٹی پی اور ٹی ٹی اے کا گٹھ جوڑ دشمن عناصر کی پشت پناہی سے دوبارہ سرگرم ہو رہا ہے، مگر ریاست پوری قوت سے اس فتنے کا خاتمہ کرے گی۔، قومی امن کمیٹی کے ارکان سے ملاقات میں گفتگو

 

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گرد ایک بار پھر سر اٹھا رہے ہیں، تاہم انہیں پاکستان کی سرحدوں سے اٹھا کر بحرِ ہند میں ڈبو دیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی، غربت، بے روزگاری اور قرضوں جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قوم کو متحد ہو کر آگے بڑھنا ہوگا۔

یہ بات انہوں نے قومی پیغامِ امن کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کے دوران کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج ملک کو پہلے سے کہیں زیادہ قومی اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔ خوارج، ٹی ٹی پی اور ٹی ٹی اے کا گٹھ جوڑ دشمن عناصر کی پشت پناہی سے دوبارہ سرگرم ہو رہا ہے، مگر ریاست پوری قوت سے اس فتنے کا خاتمہ کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا قیام قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں لاکھوں قربانیوں کے بعد عمل میں آیا۔ تحریکِ پاکستان میں تمام مکاتبِ فکر اور اقلیتی برادری نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کو عبادت اور تہوار منانے کی مکمل آزادی حاصل ہے اور ہر شہری کو محنت اور صلاحیت کی بنیاد پر آگے بڑھنے کا حق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے، جن سے درست استفادہ کیا جائے تو غربت، بے روزگاری اور قرضوں سمیت متعدد مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ مئی 2025 میں معرکۂ حق کے دوران افواجِ پاکستان نے دشمن کو ایسا سبق سکھایا جو وہ کبھی فراموش نہیں کر سکے گا۔ یہ کامیابی اللہ تعالیٰ کی مدد، افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، جدید ٹیکنالوجی اور 24 کروڑ عوام کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے اسے قوم کی عظیم فتح قرار دیا۔

وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک لاکھ سے زائد پاکستانیوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ افواجِ پاکستان، پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ جس طرح 2018 میں دہشت گردی کو شکست دی گئی تھی، اسی جذبے کے ساتھ اس بار بھی اس کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

اس موقع پر قومی پیغامِ امن کمیٹی کے کنوینر مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ وزیراعظم کے اعتماد پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں علما و مشائخ کی دو روزہ کانفرنس منعقد کی جائے گی، جبکہ کمیٹی کے ارکان ملک بھر میں دورے کریں گے، سلامتی اداروں کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے اور بیانیے کی جنگ میں صفِ اول کا کردار ادا کریں گے۔

شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علما کرام نظریاتی محاذ پر بھرپور کردار ادا کریں گے، انتہاپسندی اور فکری دہشت گردی کا مؤثر مقابلہ کیا جائے گا اور پیغامِ پاکستان کو تعلیمی و سماجی سطح پر عام کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More