دوسرا ون ڈے: پاکستان نے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی
دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے باآسانی ہرا کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی، صائم ایوب کی شاندار سنچری
بلاوایو میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو جیت کے لئے 146 رنز کا ہدف دیا جو گرین شرٹس نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 19ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
اوپننگ بیٹر صائم ایوب نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 62 گیندوں پر 113 رنز بنائے، انکی اننگز میں 17 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے جبکہ عبداللّہ شفیق نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس سے قبل پاکستانی بولرز نے میچ میں اچھا آغاز کرتے ہوئے زمبابوے کے دونوں اوپنرز کو 23 رنز پر پویلین لوٹا دیا۔ زمبابوے کی پہلی وکٹ 1.3 اور دوسری وکٹ 3.5 اوورز میں گری۔
زمبابوے کی تیسری، چوتھی اور پانچویں وکٹ آغا سلمان نے حاصل کی، یوں آدھی ٹیم 20.2 اوورز میں 97 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
اس کے بعد ابرار احمد نے 3 ، صائم ایوب اور فیصل اکرم نے ایک ایک وکٹ حاصل کر کے زمبابوے کو 145 رنز پر 33ویں اوورز میں آؤٹ کر دیا۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 4 جبکہ سلمان علی آغا نے 3 اور صائم ایوب، فیصل اکرم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بلاوائیو میں کھیلے جارہے میچ میں زمبابوے کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا، اوپنر جویلورڈ گمبی 5 جبکہ تادیوانشے مارومانی 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، تیسری وکٹ کیلئے 38 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی تاہم ڈیون مائرز 33 اور کپتان کریگ ایروائن 18 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔
بعدازاں کوئی بھی بیٹر پاکستانی باؤلرز کا مقابلہ نہ کرسکا، سکندر رضا 17، شان ولیمز 31، برائن بینیٹ 14، بلیسنگ مزاربانی 11، برینڈن ماوتا 3 اور رچرڈ نگروا 2 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔
صائم ایوب کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، سیریز ایک ایک سے برابر ہونے کے بعد اسکا آخری اور فیصلہ کن میچ 28 نومبر کو بلاوایو میں کھیلا جائے گا۔
بلاوایو میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے زمبابوے ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔
اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ہم ٹاس جیت جاتے تو بیٹنگ ہی کرتے، ہمارے لیے ہر دن اور ہر سیریز نئی ہوتی ہے۔
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں جہاں ابرار احمد اور طیب طاہر ڈیبیو کریں گے۔