Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

دنیا چین کے بغیر ترقی کا تصور نہیں کر سکتی، سی پیک پاکستان میں ترقی، روزگار اور خوش حالی کا ضامن منصوبہ ہے، وزیراعظم

دنیا چین کے بغیر ترقی کا تصور نہیں کر سکتی، سی پیک پاکستان میں ترقی، روزگار اور خوش حالی کا ضامن منصوبہ ہے، وزیراعظم

پاکستان نے ہمیشہ “ون چائنا پالیسی” کی غیرمشروط حمایت کی ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔ شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے صدر کی قیادت میں چین کی غیرمعمولی ترقی اور خوش حالی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا چین کے بغیر ترقی کا تصور نہیں کر سکتی، اور یہ بات ہم سب کے لیے باعثِ اطمینان اور فخر ہے۔

پاک-چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے چینی قیادت، وزیراعظم لی چیانگ اور چین کے عوام کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 75 برس قبل دونوں ممالک کے بانی رہنماؤں نے دوستی اور اعتماد پر مبنی سفارتی تعلقات کی بنیاد رکھی، جو آج ایک مضبوط اور لازوال شراکت داری کی صورت اختیار کر چکے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ چین کو تسلیم کرنے والا پہلا مسلم ملک تھا، اور اس تاریخی فیصلے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات مسلسل مضبوط ہوتے گئے۔ ان کے بقول، پاکستان اور چین کے درمیان دوستی باہمی اعتماد، خلوص اور مشترکہ جدوجہد کی ایسی مثال ہے جس کی دنیا میں نظیر نہیں ملتی۔

شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ 75 برسوں میں چین ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ مضبوط چٹان کی طرح کھڑا رہا۔ چاہے زلزلے ہوں، سیلاب ہوں یا دیگر آزمائشیں، چین نے ہمیشہ بے لوث انداز میں پاکستان کی مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعلق صرف الفاظ تک محدود نہیں بلکہ عملی تعاون اور غیرمتزلزل حمایت کی روشن تاریخ رکھتا ہے۔

وزیراعظم نے یاد دلایا کہ پاکستان نے ہمیشہ “ون چائنا پالیسی” کی غیرمشروط حمایت کی ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ مقاصد اور وژن کی بنیاد پر مزید قریب آئے ہیں، جبکہ صدر شی جن پنگ کے “بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو” کے تحت اس شراکت داری کی بہترین مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان میں ترقی، روزگار اور خوش حالی کا ضامن منصوبہ ہے، جس کے ذریعے ملک کے مختلف حصوں میں توانائی، انفراسٹرکچر اور صنعتی ترقی کے نئے دروازے کھلے ہیں۔

شہباز شریف نے 2010 کے تباہ کن سیلاب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چین ان اولین ممالک میں شامل تھا جس نے ہیلی کاپٹروں، ادویات، ڈاکٹروں اور امدادی ٹیموں کے ذریعے پاکستان کی فوری مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم چینی عوام کی اس محبت اور سخاوت کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

وزیراعظم نے عالمی تنازعات کے حل میں چین کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ صدر شی جن پنگ سفارت کاری اور پرامن مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ علاقائی کشیدگی کے دوران چین نے پاکستان کی امن کوششوں کی مکمل حمایت کی۔

انہوں نے کہا کہ چین ہمیشہ پاکستان کا سب سے مضبوط، قابلِ اعتماد اور مخلص دوست رہا ہے۔ پاور پلانٹس، ڈیمز اور ترقیاتی منصوبوں سے لے کر مشکل حالات میں غیرمتزلزل تعاون تک، چین نے ہر میدان میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

وزیراعظم نے ملک میں مقیم چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان چینی باشندوں کو اعلیٰ ترین سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور سیکیورٹی تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔

شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ پاک-چین دوستی کا یہ جشن پورا سال جاری رہے گا اور صدر شی جن پنگ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، جہاں دونوں ممالک کی تاریخی دوستی کا مزید شاندار انداز میں جشن منایا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More