حکومت کا ائیر چیف مارشل کی مدت ملازمت پوری ہونے پر ان کی خدمات جاری رکھنے کا فیصلہ
وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے
حکومت پاکستان نے معرکہ حق، بنیان مرصوص میں ملک کی سلماتی کو یقینی بنانے اور دشمن کو شکست فاش دینے پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت پوری ہونے پر ان کی خدمات کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
اس میں کہا گیا کہ وزیرِ اعظم نے پوری پاکستانی قوم کو معرکہ حق کے دوران آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی اور دشمن کے عزائم خاک میں ملانے پر مبارکباد دی۔
بیان کے مطابق وفاقی کابینہ میں گفتگو کے دوران کہا گیا کہ حال ہی میں پاکستان تاریخ کے کٹھن مرحلے سے گزرا۔
وفاقی کابینہ نے کہا کہ 6 اور 7 مئی 2025 کی رات بھارت نے پاکستان پر بلا اشتعال اور بلا جواز جنگ مسلط کی، پاکستان کی سول آبادی میں معصوم شہریوں بشمول خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا گیا۔
وفاقی کابینہ کا کہنا تھا کہ دشمن کی جانب سے پاکستان کی خود مختاری اور سرحدی سالمیت کو پامال کرنے کی مذموم کوشش کی گئی۔
بیان کے مطابق وفاقی حکومت نے ایئر چیف مارشل ظہر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت پوری ہونے پر ان کی خدمات کو جاری رکھنے کا بھی متفقہ فیصلہ کیا۔
