جو بھی ہماری سالمیت کی خلاف ورزی کی کوشش کرے گا ہمارا جواب بے رحمانہ ہوگا، ڈی جی آئی ایس پی آر
امریکا جیسے ممالک جوہری خطرات کے پیش نظر بھارت کے عزائم کو جان چکے ہیں
راولپنڈی: ڈی جی آئی پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے دو ٹوک اور واضح الفاظ میں پیغام دیا ہے کہ جو بھی ہماری سرزمین، سالمیت کی خلاف ورزی کی کوشش کرے گا ہمارا جواب بے رحمانہ ہو گا۔
معرکہ بنیان مرصوص اور کشمیر پر ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے دو ٹوک مؤقف اپناتے ہوئے بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی صورت میں تیز اور یقینی جواب کا عزم کا اعادہ کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اسکائی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی ہماری سرزمین، سالمیت اور خودمختاری کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کرے گا، ہمارا جواب بے رحمانہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقت ہیں لہٰذا سنگین کشیدگی تباہی کا باعث ہو گی، اگر بھارت سمجھتا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف جنگ کا محاذ کھڑا کر سکتا ہے تو یہ خطے میں تباہی کا باعث ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا جیسے ممالک جوہری خطرات کے پیش نظر بھارت کے عزائم کو بخوبی جان چکے ہیں۔
مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت اس مسئلے کو "اندرونی” معاملہ قرار دے کر فوج کی بڑی تعداد میں موجودگی کے ساتھ کشمیریوں کو "ہراساں” کر رہا ہے۔
لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے مطابق کشمیری عوام کو حل کرنا ہوگا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستانی مؤقف کے مطابق اس نے بھارت کی بہت بڑی مسلح افواج کے باوجود ایک بہت بڑی فوجی فتح حاصل کی ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت اس بات پر ناراض ہے کہ امریکا اس بحران کے دوران مسئلہ کشمیر کو اجاگر کر رہا ہے امریکا کے لئے اصل امتحان یہ ہے کہ وہ بھارت پر کتنا دباؤ ڈال سکتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے مطابق کشمیری عوام کو حل کرنا ہوگا۔
