بھارت پاکستان نہیں آئے گا تو پاکستان بھارت کے ساتھ کرکٹ نہیں کھیلے گا، حکومتی ذرائع
آئی سی سی نے چیمپئینز ٹرافی 2025 ء میں بھارت کے پاکستان نہ آکر کھیلنے سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کو آگاہ کر دیا،
ذرائع کے مطابق پی سی بی کا حکومت پاکستان کے ساتھ رابطہ ہے اور بھارت کے نہ آنے سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان کا بھارت کے چیمپئنز ٹرافی میں آنے سے انکار پر سخت فیصلے لینے کا امکان ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہو گی، کسی بھی قسم کا ہائبرڈ ماڈل قبول نہیں ہو گا، اگر بھارت چیمپئنز ٹرافی کے لئے پاکستان نہیں آتا تو ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 سمیت تمام ایونٹس میں پاکستان شرکت نہیں کرے گا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لئے پاکستان نے تمام تیاریاں مکمل کرلیں، ساری ٹیمیں پہلے پاکستان آچکیں اب بھی آنے کو تیار ہیں تو بھارت کیوں نہیں آئے گا۔
ذرائع نے کہا کہ حکومت غور کر رہی ہے کہ اگر بھارت چیمپئنز ٹرافی کیلئے نہیں آئے گا تو پاکستان آئندہ کبھی بھارت کیساتھ کوئی میچ نہیں کھیلے گا اور جب تک بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر نہیں ہوتے تب تک بھارت کیساتھ کسی بھی ٹورنامنٹ میں کوئی میچ نہیں کھیلیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے سخت موقف اپنایا ہے پاکستان کی ٹیم ہمیشہ بھارت بھیجی اچگا تاثر دیا لیکن بھارت ہمیشہ سیاست کو شامل کرتا ہے پاکستان چیمپئینز ٹرافی پر پیچھے نہیں ہٹے گا بھارت نہیں آئے گا تو آخری حد تک جائیں گے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اسٹیڈیم بن رہے ہیں، سیکیورٹی اچھی ہے بھارت کے پاس کوئی جواز نہیں کہ وہ نہ آئے۔ اگر بھارت نہیں آئے گا تو ریونیو نقصان ہمیں ہوگا لیکن جب ہم بھارت سے میچ نہیں کھیلیں گے تب نقصان ان کا بھی ہوگا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان چیمپئینز ٹرافی کے حوالے سے کسی ماڈل کو قبول نہیں کرے گا۔