ایشائی ترقیاتی بینک کا خطے میں غذائی تحفظ کیلئے 26ارب ڈالر کی فنڈنگ کا اعلان
فنڈز خوراک کے تمام مراحل پر محیط ایک جامع پروگرام کو سپورٹ کریں گے، اے ڈی بی
اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینکنے ایشیا اور پیسیفک میں غذائی تحفظ کیلئے26ارب ڈالر اضافی فنڈنگ فراہم کرنے کا اعلان کر دیا اور اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا۔
اے ڈی بی اعلامیے کے مطابق طویل المدتی خوراک اور غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے کیلئے معاونت میں اضافے کی منظوری دی گئی ہے، اضافی فنڈنگ سے 8سالہ پلان کے تحت مجموعی طور پر 40ارب ڈالر خرچ کیے جائیں گے۔اے ڈی بی کا خوراک کے تحفظ کیلئے معاونت پلان 2022تا 2030ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ فنڈز خوراک کے تمام مراحل پر محیط ایک جامع پروگرام کو سپورٹ کریں گے اور اس کا مقصد رکن ممالک کو مالی اور پالیسی معاونت فراہم کرنا ہے اور پروگرام کا مقصد ایشیا اور پیسیفک میں غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔بتایا گیا کہ روزگار کے مواقع، ماحولیاتی اثرات میں کمی اور زرعی سپلائی چینز کو مضبوط کرنا ہے۔
صدر اے ڈی بی کے مطابق غیر معمولی خشک سالی، سیلاب، شدید گرمی زرعی پیداوار کو متاثر کر رہی ہے، قدرتی وسائل کی تنزلی سے زرعی پیداوا متاثر ہو رہی ہے، صورت حال خوراک کے تحفظ اور دیہی روزگار کے لیے بھی خطرہ بن رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ توسیعی معاونت ممالک کو غذائی قلت کم کرنے، معیار بہتر بنانے میں مدد فراہم کرے گی، توسیعی معاونت ماحولیاتی تحفظ میں معاون ثابت ہوگی، اضافی فنڈنگ کسانوں اور زرعی کاروباروں کیلئے مزید مواقع پیدا کرے گی۔
