اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی پاک بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش
نیو یارک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی پاک بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش کر دی۔
پاکستان اور بھارت سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی حالیہ برسوں میں اپنی بلند ترین سطح پر ہے، دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کا دل کی گہرائیوں سے احترام کرتا ہوں، اقوام متحدہ کے اموربشمول امن مشنزمیں دونوں ممالک کی شراکت پر مشکور ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات ابلتے ہوئے مقام پر پہنچ رہے ہیں، پہلگام حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں اور متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کرتا ہوں، شہریوں کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے اور ذمہ داروں کو قانونی ذرائع سے انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اس نازک گھڑی میں فوجی تصادم جو قابو سے باہر ہوسکتا ہے سے بچنا بہت ضروری ہے، دونوں ممالک کو زیادہ سے زیادہ تحمل سے کام لینے اورجنگ کے دہانے سے پیچھے ہٹنے کا وقت ہے، دونوں ممالک کیلئے یہی میرا پیغام رہا ہے، کوئی غلطی نہ کریں، فوجی کارروائی کوئی حل نہیں ہے، میں امن کے لئے دونوں حکومتوں کو اپنی خدمات پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کشیدگی کے خاتمے اور امن کے فروغ کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے درمیان پیرکوٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں جنوبی ایشیا کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایک ہفتے کے اندر دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ دوسرا ٹیلی فونک رابطہ ہے۔
وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے جنوبی ایشیا کی حالیہ پیشرفت میں ان کی دلچسپی اور روابط کی کوششوں کو سراہا اور کشیدگی میں کمی کیساتھ ساتھ کسی بھی تصادم سے بچنے کی ضرورت کا خیرمقدم کیا۔ ایک آزاد شفاف، غیر جانبدار اور معتبر تحقیقات کی اپنی پیشکش کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اپنی تشویش کا اظہار کیاکہ بھارت نے ابھی تک کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا اور پھر بھی وہ اشتعال انگیز بیان بازی اور جنگ کو ہوا دینے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کے معاشی مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کو سیاسی رنگ دینے کی بھارتی کوششوں پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا۔ سیکرٹری جنرل نے وزیر اعظم کو خطے میں امن و استحکام کیلئے ان کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا اور اس معاملے پر تمام فریقین کے ساتھ رابطے میں رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔
