اسلام آباد میں سوشل سیکیورٹی ملازمین کے لیے عید بونس و اضافی الاؤنس کا مطالبہ
عیدالفطر جیسے اہم موقع پر اضافی الاؤنس اور بونس سے محروم رکھنا ملازمین کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے، بیان
ریسٹورنٹس، کیٹررز، سویٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر محمد فاروق چوہدری اور چیئرمین ممتاز احمد نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد کے سوشل سیکیورٹی کے رجسٹرڈ ملازمین کو بھی پنجاب کی طرز پر اضافی الاؤنس اور عید بونس فراہم کیا جائے۔
محمد فاروق چوہدری اور ممتاز احمد نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے سوشل سیکیورٹی ملازمین کو ماہانہ الاؤنس کے ساتھ اضافی 7 ہزار روپے اور عید بونس کی فراہمی ایک قابلِ تحسین اقدام ہے، جس سے ملازمین کو نمایاں مالی ریلیف حاصل ہوا۔ تاہم انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تاحال ایسے اقدامات نہیں کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے ملازمین بھی اتنی ہی کنٹریبیوشن جمع کروا رہے ہیں جتنی پنجاب میں لی جا رہی ہے، جبکہ پنجاب کے ملازمین کو دی جانے والی سہولیات اور مراعات کے مقابلے میں اسلام آباد کو بڑے بھائی ہونے کے ناطے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور رجسٹرڈ ملازمین کے لیے مراعات کا اعلان کرنا چاہیے۔ نیز عیدالفطر کے موقع پر خصوصی عید بونس کے احکامات بھی جاری کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عیدالفطر جیسے اہم موقع پر اضافی الاؤنس اور بونس سے محروم رکھنا ملازمین کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے، خصوصاً ایسے حالات میں جب مہنگائی نے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔رہنماؤں نے وفاقی وزیر داخلہ، سیکرٹری داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیں اور احکامات جاری کریں تاکہ اسلام آباد کے سوشل سیکیورٹی ملازمین کو بھی پنجاب کے مساوی ماہانہ الاؤنس، اضافی الاؤنس اور عید بونس فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف ملازمین کو مالی سہولت حاصل ہوگی بلکہ ان کے حوصلے بھی بلند ہوں گے، جو اداروں کی مجموعی کارکردگی میں بہتری کا باعث بنے گا۔
