آرمی چیف پی ایس ایل کا میچ دیکھنے راولپنڈی اسٹیڈیم پہنچ گئے، پی ایس ایل مسلح افواج کے نام
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کا میچ دیکھنے راولپنڈی اسٹیڈیم پہنچ گئے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ اس پی ایس ایل کو بہادر افواج کے نام کرتے ہیں، آج کا دن پاک آرمی کے نام کیا گیا ہے، کل کا دن پاک نیوی کے نام اورپیر کا دن پاک ائیرفورس کے نام ہوگا۔
پی ایس ایل کے دوبارہ آغاز پر کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے مابین میچ دیکھنے کیلئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل حافظ سید عاصم منیر اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری بھی راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پہنچ گئے جہاں چیئرمین پی سی بی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کا استقبال کیا جبکہ تماشائیوں نے آرمی چیف کا کھڑے ہو کر خیر مقدم کیا۔
اس موقع پر اسٹیڈیم پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔بڑی تعداد میں شائقین کرکٹ نے شرکت کرکے دنیا کو ایک پیغام دیا کہ ہم امن پسند قوم ہیں اور ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا جانتے ہیں۔
پاک بھارت کشیدگی میں شہید ہونے والے افراد کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جبکہ تقریب میں آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس پی آر کے ہمراہ محسن نقوی بھی موجود تھے ،
تقریب کے دوران گلوکار اسرار شاہ اور ساحر علی بگا نے نغمے پیش کیئے جنہیں سن کر شائقین کرکٹ کا جوش آسمان کو چھونے لگا ، سٹیڈیم میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار دیکھنے کو ملی ۔
